دوران ڈیوٹی فرض شنانسی‘9پولیس افسروں ‘اہلکاروں میں ’’بہادری میڈلز ‘‘ تقسیم
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس فورس کا مورال مزید بلند کرنے کیلئے ایک اور احسن اقدام کا آغاز کیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ دوران ڈیوٹی جرات و بہادری ا ور فرض شناسی کے بے مثال مظاہرے کرنیوالے افسران و اہلکاروں کو بہادری میڈلز دینے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے 9 اضلاع کے فرض شناس و بہادر اہلکاروں کو جرات و بہادری میڈلز سے نوازا۔ بہادری میڈلز حاصل کرنے والے تمام اہلکاروں کی تعریفی اسناد اور ایک لاکھ روپے فی کس کیش انعام سے حوصلہ افزائی کی گئی۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ فورس کے ان بہادر سپوتوں کے نام سنٹرل پولیس آفس میں مخصوص دیوار پر درج کیے جارہے ہیں اور محکمہ پولیس کے ان بہادر جانبازوں کے نام اور کارنامے دوسروں کیلئے مشعلِ راہ ثابت ہونگے۔ ضلع جہلم کے سب انسپکٹر عثمان تصدق کو 15 کال پر ڈکیتی واردات کے ملزمان کا پیچھا کرکے گرفتار کرنے اور خطیر رقم برآمد کرنے پر بہادری میڈل دیا گیا۔ ضلع بھکر کے کانسٹیبل علی حیدر کو ایس ایچ او کے قاتل خطرناک ڈاکوؤں کا پیچھا کرنے اور کیو آر ایف ٹیم کی مدد سے انہیں کیفر کردار تک پہنچانے پر بہادری میڈل دیا گیا۔ فیصل آباد کے کانسٹیبل نجیب احمد، محمد آصف اور محمد شاہد کو مختلف واقعات میں جرات و بہادری کے لازوال مظاہرے پر بہادری میڈلز دئیے گئے، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے کانسٹیبل قمر اقبال، رضوان شوکت، اوکاڑہ کے کانسٹیبل ذوالفقار علی، ہیڈ کانسٹیبل قاسم فاروق کو جرات و بہادری میڈلز سے نوازا گیا، ایلیٹ فورس وہاڑی کے کانسٹیبل محمد ارشد اور لودھراں کے کانسٹیبل رئیس زاہد کو بھی جرات و بہادری میڈلز سے نوازا گیا۔ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ راجہ رفعت مختار، ایڈیشنل آئی جی طارق عباس قریشی، ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ-I ڈاکٹر انعام وحید خان، ڈی آئی جی امین بخاری، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹII- ذیشان اصغر، ڈی آئی جی ٹریننگ منیر ضیا راؤ اور ڈی آئی جی ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین بھی تقریب میں موجود تھے۔