ترکیہ کے تعاون سے تیار جدید بحری جہاز ملجم زیرآب‘ فضا میں کارروائی کا حامل
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ترکی کے تعاون سے تیار جدید کثیر المقاصد جنگی جہاز ملجم زیرآب اور فضا میں کارروائی کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ملجم جہاز ایک کثیر المقاصد جنگی بحری جہاز ہے جو سطح آب، زیر آب اور فضائی آپریشن جیسی جدید حربی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ جہاز اپنے سرفیس ٹو سرفیس میزائلوں اور مین گن سے درمیانے سائز کے اہداف کا پتہ لگانے اور ان پر حملہ کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے، یہ جہاز جدید ترین سینسر سے لیس ہے اور ان اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے جارحانہ اور دفاعی دونوں ہتھیار رکھتا ہے۔ یہ جدید کارویٹ ہیلی کاپٹر کے ذریعے آپریشنز کرنے کی صلاحیت اور کیم کاپٹر سے بھی لیس ہے۔ اس منصوبے میں ٹیکنالوجی کی منتقلی، کراچی شپ یارڈ کی اپ گریڈیشن اور خصوصی طور پر پاک بحریہ کے لیے جناح کلاس فریگیٹس کے ڈیزائن کی باہمی تعاون سے تیاری بھی شامل ہے۔