پاکستان کی فضائی حدود محفوظ‘ سول ایوی ایشن کا ”ایاسا“ کی ہدایات پر سخت ردعمل
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے یورپی ایوی ایشن ایجنسی ایاسا کی ہدایات پر سخت ردعمل جاری کر دیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود دنیا کی تمام ائیر لائنز کے طیاروں کے لیے مکمل محفوظ ہے۔ ایاسا کی جاری ہدایات میں طیاروں کو اینٹی ائیر کرافٹ گنز اور میزائل کے خطرے کی بات مکمل طور پر بے بنیاد ہے۔ سی اے اے نے کہا کہ پاکستانی فضائی حدود کے متعلق 28 جولائی کو جاری یورپی ایوی ایشن ایجنسی کی ہدایات کو مکمل رد کیا جاتا ہے۔ سی اے اے نے مزید کہا کہ برطانیہ‘ فرانس‘ جرمنی سمیت یورپی ملکوں نے بھی پاکستان کی فضائی حدود کو طیاروں کے لیے مکمل محفوظ قرار دیا ہے۔ پاکستان میں تمام ائیر لائنز کے آپریشنز جاری ہیں، ایاسا کی پاکستانی فضائی حدود میں 26 ہزار فٹ سے نیچے طیاروں کو خطرے کی بات بھی من گھڑت اور بے بنیاد ہے۔ پاکستان میں کسی بھی عنصر کو طیارہ شکن ہتھیاروں، خاص طور پر مین پورٹیبل ائیر ڈیفنس سسٹم طیارہ شکن میزائل سسٹم تک رسائی حاصل نہیں ہے۔
سول ایوی ایشن/ ردعمل