ووٹر جانتا ہے نواز شریف ہی ملک کو مشکل سے نکال سکتے ہیں: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ دانیال عزیز اور طلال چوہدری کو سچ بولنے کی سزا دی گئی۔ دونوں نے نامساعد حالات کا سامنا کیا‘ حق گوئی کی راہ چھوڑی اور نہ ہی حلقہ کے عوام کا ساتھ چھوڑا۔ اپنے موقف، قیادت اور جماعت کے ساتھ کھڑے رہے، اللہ تعالی دونوں بھائیوں کو تاریخ اور عوام کے سامنے سرخرو ہونا مبارک فرمائے۔ ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ دانیال عزیز اور طلال چوہدری دونوں کو صرف اس لئے سزا دی گئی تھی کیونکہ وہ اس وقت سچ بول رہے تھے جو نواز شریف کو سیاست سے مائنس کرنے والے کرداروں کو قبول نہیں تھا۔ طلال چوہدری کو سپریم کورٹ سے پانچ سال نااہلی کی سزا ختم ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ طلال چوہدری نے قائد محمد نواز شریف اور جماعت سے نظریاتی وابستگی، وفا اور محبت پر پانچ سال نااہلی کی سزا بھگتی جو آج ختم ہو گئی ہے۔ عوام نواز شریف کے ساتھ ان کے نظریہ کی وجہ سے کھڑی ہے۔ پاکستان کا ووٹر جانتا ہے کہ نواز شریف ہی ملک کو مشکل سے نکال سکتے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک اور عوام کے ساتھ دشمنی کی۔ ملک کے خلاف سازش کرنے والے آج منہ دکھانے کے قابل نہیں۔ چار سالوں کے دوران قومی اداروں کو نیلام کرنے کی باتیں کی جاتی رہیں جبکہ ہم نے 15 ماہ میں اداروں کو نیلام نہیں، دوبارہ کھڑا کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شالیمار ریکارڈنگ اینڈ براڈ کاسٹنگ کمپنی کے دورہ کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا اب شالیمار ریکارڈنگ اینڈ براڈ کاسٹنگ کمپنی کے ملازمین کو تنخواہوں اور پنشنز کی ادائیگیاں کی جا رہی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں پی ٹی وی، ریڈیو پاکستان اور ایس آر بی سی کی عمارتوں کی نیلامی کی باتیں ہوتی تھیں جبکہ موجودہ حکومت نے صرف 15 ماہ کے دوران ان اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے تاکہ وہ اپنے پاﺅں پر کھڑے ہو سکیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق وزیراعظم کو ان کے دور میں میڈیا پریڈیٹر کا خطاب ملا جبکہ گزشتہ 15 ماہ کے دور حکومت میں پاکستان کی اظہار رائے کے حوالے سے عالمی درجہ بندی میں سات درجے کی بہتری ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف صحافیوں اور فنکاروں کے لئے ہیلتھ کارڈ سکیم کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔ انہوں نے ایس آر بی سی بلڈنگ میں سینما ہاﺅس کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔