عراقی صدر، وزیراعظم، ہم منصب سے ملاقاتیں، دفاع، تجارت، بڑھانے پر اتفاق ہوا: رانا ثناء
بغداد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے عراقی صدر، وزیراعظم اور عراقی ہم منصب سے ملاقاتیں کیں۔ عراق کے ساتھ، تجارت اور آئی ٹی کے شعبہ جات میں تعاون بڑھنے پر اتفاق ہوا۔ رانا ثناءاللہ نے مہمان نوازی اور پاکستانی زائرین کو سہولیات فراہم کرنے پر عراقی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔ عراق کی جانب سے پاکستانی زائرین کا کوٹہ 50 ہزار سے ایک لاکھ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پاکستانی زائرین کو گروپ ویزا کے علاوہ انفرادی ویزا جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ پاکستانی زائرین کیلئے ویزا فیس میں کمی کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ عراقی صدر عبداللطیف رشید نے کہا کہ پاکستانی فوج بہترین صلاحیتوں کی حامل ہے۔ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بہترین خدمات سرانجام دیں۔ عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی سے بھی ملاقات کی۔ دفاع اور انسداد دہشتگردی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔