ژوب کینٹ حملے میں ملوث 3 دہشت گردوں کی شناخت ، افغانستان نعشیں وصول کرے : پاکستان
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ژوب کینٹ میں 13 جولائی کو ہونے والے دہشت گرد حملے میں افغان دہشت گردوں کے ملوث ہونے کی تصدیق ہو گئی۔ 3 دہشت گردوں کی شناخت افغان شہریوں کے طورپر ہوئی ہے اور تعلق صوبہ قندھار سے ہے۔ پاکستان نے افغان دہشت گردوں کی تصدیق پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ دفترخارجہ نے افغان سفارتخانے کو افغان دہشت گردوں کی نعشیں وصول کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دفترخارجہ نے دہشت گرد کارروائیوں میں مسلسل افغان دہشت گردوں کی شمولیت اور دہشت گردی کیلئے افغان سرزمین کے استعمال پر تشویش کا اظہار کیا اور شدید مذمت کی ہے۔ خیال رہے کہ ژوب میں دہشت گرد حملے میں 5 دہشت گرد مارے گئے تھے۔ آپریشن میں بہادری سے لڑتے ہوئے 9 نوجوان شہید ہوئے تھے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گرد تنظیموں کا مقابلہ کرنے کیلئے افغانستان کی صلاحیت بڑھانے کیلئے تیار ہے۔ ترجمان دفترخارجہ نے افغانستان سے دہشت گردی کے خطرے سے متعلق وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ریمارکس کی وضاحت کر دی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیرخارجہ کے ریمارکس نئے ہیں اور نہ ہی غیرمعمولی‘ پاکستان نے ہمیشہ کہا ہے کہ وہ ملکی یا غیرملکی تمام خطرات کے خلاف اپنے دفاع کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان سرزمین پاکستان کے اندر دہشت گردی کی کارروائیوں کیلئے لانچنگ پیڈ نہ بنے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے افغانستان کے ساتھ بات چیت کی پالیسی کا اعادہ ہے۔
ترجمان دفترخارجہ