میں نے اور ساتھیوں نے صبر سے ظلم برداشت کیا ، سزا پاکستان نے بھگتی :نواز شریف
لندن (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے رہنماﺅں طلال چودھری اور دانیال کی نااہلی ختم ہونے پر نوازشریف کا ردعمل بھی آگیا۔ ایکس پر پنے بیان میں نوازشریف نے کہا ہے کہ طلال چودھری کو توہین عدالت میں ناحق 5 سالہ نااہلی کی سزا ثابت قدمی سے کاٹنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ جھوٹے مقدمات‘ سزاﺅں‘ نااہلیوں اور ہر طرح کے ظلم کو میں نے اور میرے ساتھیوں نے تو صبر و استقامت سے برداشت کر لیا مگر ناانصافی پر مبنی ان فیصلوں کی سزا پاکستان نے بھگتی۔ 2017ءکے پھلتے پھولتے پاکستان کو جبر اور ناانصافی کے فیصلوں نے 2022ءتک اس نہج تک پہنچا دیا کہ غریب عوام دو وقت کی روٹی کو ترس گئے۔ اگر اللہ تعالیٰ نے مسلم لیگ (ن) کو دوبارہ موقع دیا تو 2017ءسے بھی بہتر پاکستان بنائیں گے۔
نوازشریف