پاکستان اور چین کے تعلقات اپنی مضبوطی کو ثابت کیا ، جنرل عاصم : شراکت داری ضروری ، چینی ناظم الامور
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات منفرد اور مضبوط ہیں جس نے تمام چیلنجوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی مضبوطی کو ثابت کیا ہے۔ پیپلز لبریشن آرمی اور پاکستان آرمی ایک دوسرے کے بھائی ہیں اور ہمارے تعلقات ہمارے اجتماعی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 96ویں سالگرہ بدھ کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں منائی گئی۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں عوامی جمہوریہ چین کے سفارتخانے کے ناظم الامور پینگ چنکسو، دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان کی مسلح افواج کے افسران نے شرکت کی۔ چینی ناظم الامور نے پی ایل اے کے قیام کی 96ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب کی میزبانی کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ چینی ناظم الامور نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان یہ تعاون پر مبنی شراکت داری وقت اور بین الاقوامی تناظر میں ضروری ہے، چین اور پاکستان نے ابھی مشترکہ طور پر سی پیک کے آغاز کی 10ویں سالگرہ منائی ہے۔ گزشتہ ماہ میں آرمی چیف اور دیگر فوجی رہنماﺅں نے چین کے کامیاب دورے کیے، جس سے دونوں افواج کے درمیان تعلقات کو مضبوطی سے فروغ ملا ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے پی ایل اے کو مبارکباد دی اور چین کے دفاع، سلامتی اور قوم کی تعمیر میں پی ایل اے کے کردار کو سراہا۔ آرمی چیف نے دونوں ممالک کی فوج اور عوام کے درمیان گہرے تعلقات کے مختلف پہلوﺅں پر روشنی ڈالی۔مزید برآں اس موقع پر چینی صدر شی کا سی پیک کی 10 ویں سالگرہ کے موقع پر جاری بیان بھی سنایا گیا جس میں چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کا پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی کو بحال کرنے میں اہم کردار ہے۔ چینی صدر کا کہنا تھا کہ عالمی منظر نامے میں تبدیلیوں کے باوجود چین پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا، 2013 میں اس منصوبے کے اجرا سے اب تک چین اور پاکستان نے سی پیک سے باہمی ترقی کے بے شمار اہداف حاصل کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ممالک کے مابین مضبوط اور دیرینہ دوستی کی واضح سند ہے۔ چینی صدر شی جن پنگ نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی دسویں سالگرہ کے موقع پر اس منصوبے کے اعلی معیار کو برقرار رکھنے اور دونوں ممالک کی فلاح و بہبود کے لیے منصوبے کو توسیع دینے کا اعادہ کیا۔ صدر شی جن پنگ نے اپنے پیغام میں سی پیک منصوبے میں دونوں ممالک کے مجموعی منصوبہ بندی کو بہتر کرنے پر اور باہمی تعاون کو توسیع دینے پر زور دیا۔
آرمی چیف