خود کش حملے بے گناہ انسانیت کا قتل، مسلمانوں سے کوئی تعلق نہیں: علما و مشائخ
اسلام آباد (نامہ نگار) تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ نے خود کش حملوں کو بے گناہ انسانیت کا قتل قرار دیتے ہوئے سانحہ باجوڑ ، خیبر مسجد اور کوئٹہ میں پولیو ورکرز پر حملے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ بے گناہ مسلمانوں اور پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے والے مجرم ہیں اور ان کا اسلام اور مسلمانوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ مشترکہ اعلامیہ میں تمام مسا لک اور مکاتب فکر کے نمائندہ علمائے کرام نے کہا کہ شرعی دلائل کی روشنی میں اتفاق رائے سے خودکش حملوں کو حرام قرار دیتے ہیں اور ہماری رائے میں خود کش حملے کرنے والے ، کروانے والے اور ان حملوں کی ترغیب دینے والے اور ان کے معاون پاکستانی اسلام کی رو سے باغی ہیں اور ریاست پاکستان شرعی طور پر اس قانونی کارروائی کی مجاز ہے جو باغیوں کے خلاف کی جاتی ہے ۔مسلمانوں کو قتل کرنے والے خوارج اور دہشت گردوں کے نمائندہ ہیں۔ علما و مشائخ نے سویڈن اور ڈنمارک میں قرآن کریم کے جلانے کے واقعات کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم وزرا خارجہ کے اجلاس کی قراردادیں قابل تحسین ہیں، ہم امید کرتے ہیں کہ اسلامی تعاون تنظیم سعودی عرب کی سربراہی میں عالمی سطح پر قانون سازی کروانے میں کامیاب ہوگی اور یہ وحشت اور دہشت کا سلسلہ جوقرآن کریم کے جلانے اور توہین کا ہے یہ ختم ہوگا۔
علما و مشائخ