روس کا یوکرائن کی پورٹ پر حملہ ، اجناس کے گودام تباہ
کیف‘ برسلز (نیٹ نیوز‘ این این آئی) روس نے یوکرائن کی پورٹ پر حملہ کرکے اجناس کے گوداموں کو تباہ کر دیا۔ روس نے رومانیہ کے قریب دریائے ڈینیوب پر واقع پورٹ کو نشانہ بنایا جہاں اجناس کے گوداموں پر ڈرون حملے کئے گئے۔ حملوں میں اجناس کے گودام‘ مسافروں کیلئے تعمیر عمارت اور اجناس کی لوڈنگ کیلئے موجود ایلی ویٹر بھی تباہ ہو گئی۔ رومانیہ کے صدر نے روس کی جانب سے یوکرائن پر مسلسل حملوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ رومانیہ کے قریب روس کے انفراسٹرکچر پر کئے جانے والے حملے ناقابل قبول ہیں۔ یوکرائن کے صدر ولادی میر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روسی حملوں سے بدقسمتی سے نقصان ہوا ہے۔ دوسری جانب یورپی یونین نے روس پر زور دیا ہے کہ وہ یوکرائن کے ماسکو کے وسط میں واقع عمارتوں پر ڈرون حملے کے بعد کشیدگی میں اضافہ نہ کرے۔ یورپی یونین کی خارجہ امور کی ترجمان نبیلہ مصر علی نے برسلز میں ایک بریفنگ میں کہا کہ روس کو اس ڈرون حملے کو مزید کشیدگی کے بہانے کے طورپر استعمال نہیں کرنا چاہئے۔ ڈرونز کی اصل اور واقعہ کی تفصیل کے بارے میں کوئی آزادانہ معلومات نہیں۔ یوکرائن کو یورپی یونین کے مہیا کردہ ہتھیاروں کو صرف اپنے علاقے کے دفاع کیلئے استعمال کرنا چاہئے۔
یوکرائن/ حملہ