بلال افضل کا گوجرانوالہ سٹیٹ آف دی آرٹ چڑیا گھر کی تعمیر کیلئے مختص اراضی کا معائنہ
لاہور(لیڈی رپورٹر) نگران وزیرجنگلی حیات و ماحولیات بلال افضل نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ میں 207 کنال اراضی پر سٹیٹ آف دی آرٹ چڑیا گھر تعمیر کیا جائے گا۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایات کی روشنی میں چڑیا گھر کی تعمیر جلد عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو بہتر تفریح کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چڑیا گھر کیلئے مختص اراضی کے معائنہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈی جی وائلڈ لائف پنجاب مبین الہی،کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی،ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل،اسسٹنٹ کمشنر سٹی وقاص سکندری ودیگر افسران انکے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت کی کہ چڑیا گھر کیلئے مین جی ٹی روڈ سے لنک دیا جائے اور پارکنگ کے لیے سپیشل ایریا مختص کیا جائے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محسن نقوی عوام کو معیاری تفریح فراہم کرنا چاہتے ہیں اس لیے مفاد عامہ کے اس عظیم منصوبہ کی بین الاقوامی معیار کے مطابق تعمیر عمل میں لائی جائے اور اس سے ملحقہ حیدری انڈر پاس کی تزئین و آرائش کی جائے اور46کنال پر محیط عائشہ بی بی پارک کے اندر فوڈ کورٹ کا قیام بھی جلد عمل میںلایاجائے۔