• news

جرمنی پاکستان کےساتھ صنعتی ، اقتصادی تعلقات کو اہمیت دیتا ہے:جرمن قونصل جنرل


کراچی (کامرس رپورٹر) کراچی میںتعینات جرمن قونصل جنرل Rudiger Lotzنے کہا ہے کہ جرمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (DIHK) پاکستان میں اپنا دفتر قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور یہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ جرمنی پاکستان کے ساتھ تجارتی، صنعتی اور اقتصادی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ گزشتہ روز ایف پی سی سی آئی کے دورے کے موقع پر جرمن قونصل جنرل کا ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ،سابق صدر ناصر حیات مگوں اور دیگر سے ملاقات میں جرمن قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستانی کاروباری برادری کیلئے ویزوں میں مزید سہولت کی گنجائش موجود ہے۔اس موقع پر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ جرمن قونصل جنرل کا یہ دورہ خوش آئند ہے اور انہوںنے پاکستان سے تجارت کے فروغ،بزنس ٹو بزنس روابط، سکل ڈیویلپمنٹ اور ووکیشنل ٹریننگ،پاکستانی نوجوانوں کے لیے جرمنی میں مفت ہا ئر ایجو کیشن کے مواقع، مزدوروں کی بہبود اور سماجی شعبے میں تعاون میں جرمنی کی معاونت کا اعادہ کیا۔ عرفان اقبال شیخ نے بتایا کہ بریگزٹ کے بعد کے منظر نامے میں جرمنی یورپی یونین میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار بن کر ابھرا ہے اور خوشگوار بات یہ ہے کہ دو طرفہ تجارتی توازن پاکستان کے حق میں ہے کیونکہ جرمنی کو پاکستان کی مجموعی برآمدات کا 5.4 فیصد حصہ جاتا ہے اور پاکستان کی کل درآمدات میں جرمنی کا حصہ 1.4 فیصد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں جرمنی جیسے تجارتی شراکت داروں کی قدر کرنی چاہیے اور دوطر فہ تجا رتی سر پلس کی وجہ سے ملک میں روزگار کے مواقع جنم لیتے ہیں۔صدر ایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ نے پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس پروگرام کی تجدید کی بابت جرمن تعاون بھی طلب کیا۔

ای پیپر-دی نیشن