قومی کرکٹ ٹیم کے غیر ملکی کوچز کو ورلڈ کپ تک برقرار رکھنے کا فیصلہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت میں اکتوبر میں شیڈول آئی سی سی ورلڈ کپ تک غیر ملکی کوچز مکی آرتھر اور گرانٹ بریڈ برن کو تبدیل کرنے کا ارادہ ترک کر دیا،ذرائع کے مطابق پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں سابق کپتان مصباح الحق نے کہا گو کہ میں غیر ملکی کوچز کی تقرری کے حوالے سے سخت موقف رکھتا ہوں لیکن اگر نجم سیٹھی نے غلط فیصلہ بھی کیا ہے تو ایک دم سے کوچز کو تبدیل کرنا دانشمندی نہیں ۔ مکی آرتھر اور گرانٹ بریڈ برن کو وقت ملنا چاہیے، ورلڈ کپ کے بعد ان کی کارکردگی کا جائزہ لے کر فیصلہ کرنا ہو گا، سابق چیف سیکرٹری پنجاب اور پاکستان ٹیم کے سابق منیجر نوید اکرم چیمہ کو ورلڈ کپ کیلئے پاکستان ٹیم کا منیجر بنانے کی تجویز نہیں ، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی اچھی کارکردگی بھی ایسے فیصلوں کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلی سطحی کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دےدی۔ سابق کپتان مصباح الحق کو تین رکنی کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے جبکہ انضمام الحق اور محمد حفیظ بھی شامل ہیں۔ ٹیکنیکل کمیٹی کرکٹ سے متعلق تجاویز پیش کرےگی جن میں ڈومیسٹک کرکٹ کا ڈھانچہ‘ پلیئنگ کنڈیشنز قومی سلیکشن کمیٹی کا تقرر‘ قومی ٹیم کے کوچز کی تقرری‘سنٹرل اور ڈومیسٹک کنٹریکٹس اور امپائرز ریفریز اور کیوریٹرز کے بارے میں منصوبہ بندی شامل ہیں۔کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی کو یہ اختیار ہوگا کہ وہ ماہرین کو بھی مدعو کرسکے گی اور رپورٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین کو باقاعدگی سے دےگی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا ءاشرف نے کہاہے کہ وہ مصباح الحق‘ انضمام الحق اور محمد حفیظ کو اس کمیٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی بااختیار ہوگی۔ مصباح الحق‘ انضمام الحق اور محمد حفیظ کی موجودگی سے ہمارے کرکٹ سسٹم کو بہترین بنانے میں مدد ملے گی۔مصباح الحق کا اپنی تقرری پر کہنا ہے کہ یہ ان کیلئے اعزاز کی بات ہے کہ وہ اس کمیٹی کے سربراہ مقرر کیے گئے ہیں جس میں قابل احترام افراد شامل ہیں جنہوں نے پاکستان کرکٹ کی بڑی خدمت کی ہے۔ یہ ذمہ داری ان کیلئے چیلنج ہے تاہم وسیع تجربے اور معلومات کی بدولت یہ کمیٹی کھیل میں بہتری سے متعلق اپنی تجاویز کے ذریعے گراس روٹ سے ٹاپ لیول پر مثبت تبدیلی سامنے لاسکے گی۔ڈومیسٹک کرکٹ آپریشن کے قائم مقام ڈائریکٹر جنید ضیا کو اس کمیٹی میں ایکس آفیشو ممبر کے طور پر شامل کیا گیا ہے جبکہ عثمان تسلیم کمیٹی کے سیکرٹری ہونگے۔