• news

ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ آج سے شروع ، پاکستان ، ملائیشیا مد مقابل 


لاہور(سپورٹس رپورٹر) بھارت کے شہر چنائے میںآج سے شروع ایشین چیمپینز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے قومی ہاکی ٹیم نے گزشتہ روز چنائے میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔چنائے پہنچنے کے بعد پاکستان ہاکی ٹیم نے صرف چند گھنٹے آرام کیا اور صبح ہوتے ہی کوچنگ پینل کی زیر نگرانی ٹریننگ شروع کردی قومی ٹیم نے تین گھنٹے بھرپور ٹریننگ کی اور شام میں بھی پاکستان ہاکی ٹیم فلڈ لائٹس میں ٹریننگ کی۔ پاکستان اپنا پہلا میچ آج شام 6:45 بجے ملائشیا کیساتھ‘دوسرا میچ کل شام 4:30 بجے کوریا کیساتھ‘ تیسرا میچ 6 اگست کو شام 6:45 بجے جاپان کیساتھ‘چوتھا میچ 7 اگست کو شام 6:45 بجے چین کیساتھ‘ پانچواں میچ 9 اگست کو رات 9 بجے روایتی حریف بھارت کیساتھ کھیلے گا۔ میگا ایونٹ میں آج پہلے میچ میں جنوبی کوریااور جاپان جبکہ تیسرے میچ میں بھارت اورچین کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی ۔ قومی ٹیم کے فارورڈ کھلاڑی عبد الحنان شاہدنے کہا ہے کہ رکاوٹوں کے باوجود ایشین ایونٹ کے دوران اچھا مظاہرہ کرنے کیلئے پراعتماد ہیں۔کھلاڑی ایونٹ سے پہلے پراعتماد ہیں۔ کھلاڑی اچھی کارکردگی کیلئے پر عزم ہیں اور امید ہے کہ پاکستانی ٹیم پوڈیم پر ضرور پہنچے گی۔ وہ یورپ کے کلبوں کی جانب سے متعدد پیشکشوں کے باوجود قومی ٹیم کی نمائندگی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔میرا فی الحال مستقبل میں کلب ہاکی کیلئے قومی ٹیم چھوڑنے کا کوئی منصوبہ نہیں ۔امید ہے کہ پاکستان ہاکی میں بھی حالات بہتر ہوں گے۔ اگر ہم اس سال ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی اور ایشین گیمز میں تمغہ جیتتے ہیں تو اس سے ہماری ہاکی کو فروغ ملے گا۔

ای پیپر-دی نیشن