• news

حکومت نے 15 ماہ کی قلیل مدت میں ملک کو بحرانوں سے نکالا : مریم اورنگزیب

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پچھلے دور میں ایک ہینڈ پمپ لگا کر اس کی تشہیر کی جاتی رہی۔ سابق حکومت نے ملک کو معاشی بدحالی کا شکار کیا، آج بالٹی، ڈبہ اور کنستر لگا کر عدالت پیش ہونے والے عوام سے آنکھیں نہیں ملا سکتے، وزیراعظم شہباز شریف نے 15 ماہ کی قلیل مدت میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا، معاشی بدحالی کو معاشی استحکام میں بدلا، بھارہ کہو بائی پاس منصوبہ کسی معجزے سے کم نہیں، اس منصوبے کی تکمیل پر گلیات، کشمیر، مری کے لوگ وزیراعظم کو ساری عمر دعائیں دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں بھارہ کہو بائی پاس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، حنیف عباسی، طارق فضل چوہدری، چیئرمین سی ڈی اے سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے دن رات محنت کر کے پاکستان کے عوام کو ریلیف دیا اور معاشی بدحالی کو معاشی استحکام میں بدلا۔ بھارہ کہو کا راستہ انتہائی مشکل راستہ تھا، وزیراعظم نے وہ کام کیا ہے جس پر ساری عمر گلیات، کشمیر، مری کے لوگ انہیں دعائیں دیتے رہیں گے۔ اس سڑک سے مریض بھی گزرتے ہیں، نوجوان اور مزدور بھی، یہاں گھنٹوں ایمبولینسیں رکتی تھیں، شدید ٹریفک جام کے مسائل تھا۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صحافیوں اور فنکاروں کی ہیلتھ انشورنس وزیراعظم شہباز شریف کا تاریخ ساز فیصلہ ہے۔ نواز شریف دور میں ہیلتھ انشورنس کارڈ کی بنیاد رکھی گئی۔ صحافیوں اور فنکاروں کو ہیلتھ انشورنس کی فراہمی اسی سلسلے کی کڑی ہے، ہم نے 15 ماہ کی مختصر مدت میں صحافیوں کی بہبود کے لئے قانون سازی کی، ان کی کم از کم اجرت کو حکومتی بزنس کے ساتھ جوڑا، نیوز پیپرز ملازمین کو تنخواہوں کی مد میں 12 کروڑ روپے ریکور کر کے ادا کئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں وزارت اطلاعات و نشریات اور اسٹیٹ لائف انشورنس کے مابین صحافیوں اور فنکاروں کی ہیلتھ انشورنس کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صحافیوں کو ہیلتھ انشورنس کارڈ کی صورت میں صحت کی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہیلتھ انشورنس کے تحت ان ڈور اور آﺅٹ ڈور طبی سہولیات سمیت رینل سرجری، ہارٹ سرجری، کارڈک سرجری سمیت مختلف سرجریز کی سہولت میسر کی جائے گی جبکہ اس کارڈ کے تحت ایمبولینس سروس بھی مہیاکی جا سکے گی۔ اس سے قبل وزارت اطلاعات اور سٹیٹ لائف انشورنش کارپوریشن کے مابین صحافیوں، میڈیا ورکرز، فنکاروں اور فلمی صنعت کے تکنیکی ماہرین کو صحت کارڈ دینے کے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب جمعرات کو منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے خصوصی شرکت کی۔ 

ای پیپر-دی نیشن