• news

باجوڑ: شہداء کیلئے 25,25 لاکھ روپے کا اعلان، ریاست ذمہ داری پوری کرے: فضل الرحمن

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماء  اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے باجوڑ میں شہداء اور زخمیوں کے لواحقین سے ملاقات کی۔ مولانا کے ہمراہ گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی، امیر جے یو آئی فاٹا مولانا جمال الدین، مولانا عبدالرشید، مولانا عطاء  الحق درویش سمیت دیگر قیادت موجود تھی۔ مولانا فضل الرحمن نے اس موقع پر شہداء  کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کے بلندی درجات کیلئے دعائے بھی کی۔ مولانا فضل الرحمان نے پارٹی کی جانب سے شہداء کیلئے پانچ پانچ لاکھ اور زخمیوں کیلئے تین تین لاکھ روپے کا اعلان کیا جبکہ گورنر خیبرپختونخوا نے کیلئے بیس بیس لاکھ اور زخمیوں کیلئے سات سات لاکھ روپے کا اعلان کیا۔ چیکس اور نقد رقم ڈپٹی کمشنر اور سابق سینیٹر مولانا عبد الرشید کو حوالہ کردئیے گئے۔  مولانا فضل الرحمان نے باجوڑ میں سانحہ باجوڑ میں شہید اور زخمی ہونے والے کارکنوں اور رہنماؤں کے ورثاء  سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  باجوڑ واقعہ نے ہماری مسکراہٹوں کو چھین لیا،  قاتلوں سے کہتا ہوں کہ آپ ہمارے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کرسکے بلکہ ان کے حوصلے مزید بڑھ گئے ہیں،  جو لوگ اس غلط فہمی میں ہیں کہ ہم جہاد کر رہے ہیں یہ غلط فہمی میں نہ رہیں یہ مفسدین ہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے مزید کہا کہ اس واقعے نے موقع فراہم کیا ہے کہ سارے پشتون قائدین مل بیٹھ کر اس مسئلے کا حل تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ  آل پارٹیز کانفرنس کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ صورتحال پر غور کیلئے آج جرگہ ہوگا۔ فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم اس ملک میں پرامن سیاسی جدوجہد کر رہے ہیں۔ ہماری کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں، حکومت اور ریاست کی بھی کچھ ذمہ داریاں ہیں جن کو پورا کیا جائے۔ 

ای پیپر-دی نیشن