• news

حکومت پٹرول بم چلا کر جشن آزادی کی خوشیوں پر پانی ڈال دیا:مخدوم احمد محمود


لاہور(نامہ نگار)پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر، سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 20 روپے اضافے کا بم چلا کر جشن آزادی کی خوشیوں پر پانی ڈال دیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات میں غیر معمولی اضافہ مہنگائی کا نیا طوفان لائے گا۔ کاروبار اور عوام کو تباہ کن نتائج سے بچانے کےلئے حکومت فیصلے پر نظرثانی کرے اورپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ فی الفور واپس لینے کے ساتھ ساتھ عوام کو روزمرہ استعمال کی اشیاءمیں مکمل ریلیف فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کم جبکہ ملک میں اضافہ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے جبکہ اوگرا نے 10 روپے اضافہ یا سابقہ قیمتیں برقرار رکھنے کی سمری ارسال کی۔ پہلے ہی غریب آدمی بدترین مہنگائی کی وجہ سے زندہ درگور ہوچکا ہے اس اضافے نے تو ان سے ایک وقت کی روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا ہے۔دوسری طرف بجلی گیس کے فی یونٹ قیمتوں میں اضافہ سمیت آٹا گھی چینی اور سبزیوں کی قیمتوں کو بھی آسمان تک پہنچا دیا گیا ہے۔ اگر اس مہنگائی کی لہر کو ختم نہ کیا گیا تو غریبوں کی جانب سے روزانہ کی بنیادوں پر خودکشیاں کرنے کی خبریں آئیں گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن