جدید تقاضوں کے مطابق محکمہ بہبود آبادی کی ری سٹرکچرنگ کی جائے:ڈاکٹرجمال ناصر
لاہور (لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر برائے بہبود آبادی پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی کنٹرول کرنے کیلئے چھوٹا خاندان خوشحال پاکستان کا نعرہ عام کیا جائے۔ جدید تقاضوں کے مطابق محکمہ بہبود آبادی کی ری سٹرکچرنگ کی جائے۔ پنجاب کے 36 اضلاع میں قائم محکمہ بہبود آبادی کے دفاتر کی آن لائن لائیو ویڈیو مانیٹرنگ کا انتظام کیا جائے اورڈائریکٹر جنرل پاپولیشن ویلفیئر کے دفتر میں سنٹرل مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول روم قائم کیا جائے۔ شہریوں کو ضروری خدمات اور معلومات کی فراہمی کیلئے 4 ہندسوں پر مشتمل محکمہ بہبود آبادی کی ہیلپ لائن قائم کر کے اسے دن میں 12 گھنٹے فعال رکھا جائے۔ انہوںنے گزشتہ روز ڈائریکٹر جنرل پاپولیشن ویلفیئر کے دفتر کا دورہ کے موقع پر کہا کہ محکمہ بہبود آبادی کی طرف سے مہیا کی جانے والی خدمات کے بارے میں شہریوں کی آگاہی کیلئے موثر میڈیا مہم چلائی جائے اور محکمہ بہبود آبادی کی اہمیت کے پیش نظر عملے کی تربیت کا جامع نظام وضع کیا جائے۔اس موقع پر سیکرٹری بہبود آبادی سلمان اعجاز اور ڈائریکٹر جنرل ثمن رائے نے صوبائی وزیر کو محکمہ بہبود آبادی کے اہداف، ری سٹرکچرنگ اور جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے عوامی آگاہی کے پروگرام تیار کرنے کیلئے محکمہ بہبود آبادی میں نئے قائم کئے جانے والے سٹوڈیو کا افتتاح بھی کیا۔