• news

ہائی کوالٹی ریسرچ کے بغیر ایس ایم ایز کو ترقی دینا ممکن نہیں:پروفیسر عاصم اعجاز

لاہور(کامرس رپورٹر )فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے انٹرنیشنل ایکسپرٹ اور ہارورڈ کینڈی سکول میں سنٹر فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر عاصم اعجاز خواجہ نے سمال اینڈ میڈیم ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے ماہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہائی کوالٹی ریسرچ کے بغیر ایس ایم ایز کو ترقی دینا ممکن نہیں۔ اس موقع پر سمیڈا کی ٹیم کی قیادت جنرل منیجر سنٹرل سپورٹ سقراط امان رانا نے کی۔پروفیسر عاصم خواجہ نے بتایا کہ بیرون ملک رہنے والے پاکستانی، پاکستان کو درپیش معاشی بحران سے نکالنے کیلئے بھرپور تعاون کرنا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں ترقی یافتہ ملکوں کی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم پاکستانی طلبا کو ایس ایم ایز پر تحقیق کی جانب راغب کیا جا سکتا ہے۔ اْنہوں نے پیشکش کی کہ وہ ایس ایم ایز پر معیاری تحقیق کے لئے اپنی یونیورسٹی کے طلبا کو بطور انٹرنی سمیڈا سے مربوط کر سکتے ہیں۔ پروفیسر خواجہ نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان میں بینکاری کی صنعت تاحال ایس ایم ایز کو فنانسنگ کی بھرپور سہولت فراہم کرنے سے گریزاں ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک طرف ایس ایم ایز کی ڈاکومینٹیشن مکمل کرنے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے اور دوسری طرف کریڈٹ ریٹنگ اور کریڈٹ گارنٹی جیسے اداروں پر مشتمل ایک مددگار نظام تشکیل دینے کی ضرورت ہے تاکہ ایس ایم ای سیکٹر کی مالیاتی ضرورت کو بھرپور انداز سے پورا کیا جا سکے۔

ای پیپر-دی نیشن