حکومت ایران کیساتھ بارٹر ٹریڈ کو فروغ ، سمگلنگ روکے:ایف پی سی سی آئی
لاہور (کامرس رپورٹر ) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) نے ایران کے ساتھ بارٹر ٹریڈ کو فروغ دینے اور سمگلنگ کی روک تھام کیلئے حکومت کو فوری مثبت اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ایرانی کاروباری افراد کو پاکستانی ویزہ حاصل کرنے میں مشکلات در پیش ہے جن کو فوری طور پر حل کیا جائے۔دونوں ممالک کے درمیان کاروباری اور کلچریل وفود کا تبادلہ اور صنعتی و تجارتی نمائشوں کا انعقاد ہونا چاہیے۔ ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین محمد ندیم قریشی نے ان خیالات کا اظہار ایران کیلئے نامزد پاکستانی سفیر محمد مدثر ٹیپو کے ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس لاہور کے دورہ کے موقع پر کیا۔اجلاس میں دو طرفہ تجارت،اقتصادی تعاون بڑھانے اور دونوں ممالک کے تاجروں کوبارٹر ٹریڈ اور ویزہ کے حوالے سے در پیش مسائل اور ان کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔محمد ندیم قریشی نے کہاکہ بزنس کمیونٹی کی مشاورت سے مصنوعات کی ایک منفی لسٹ بنائی جائے۔ اس کے علاوہ تمام مصنوعات کو درآمد اور برآمد کرنے کی اجازت ہونی چاہیے۔ پاکستان کا ایران،افغانستان اور روس کے ساتھ بارٹر ٹریڈ کے حوالے سے بارٹر ٹریڈ میکنزم طے پایا ہے جو بہت خوش آئند ہے۔