تمام طبقات ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں :کاشف انور
لاہور(کامرس رپورٹر )لاہورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے تمام طبقات پر زور دیا ہے کہ وہ ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔ تجارتی اور صنعتی ایسوسی ایشنز اپنے ممبران کو ریٹرن فائل کرکے ٹیکس دہندگان بننے کے فوائد سے آگاہ کریں۔ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ فائلر کے مقابلے نان فائلر کے لیے ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح بہت زیادہ ہے اور اب عوام کے لیے ٹیکس نیٹ سے باہر رہنا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس ریٹرن اتھارٹیز کا نظام مربوط ہے اور کسی کے لیے اپنے اثاثے یا سرمایہ کو طویل مدت تک چھپانا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام معلومات اب ایف بی آر کے پورٹل پر دستیاب ہیں اور حکومت اسے پبلک کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے بہتر ہوگا کہ وہ حکومت کی جانب سے کارروائی سے قبل اپنے ریٹرن فائل کریں۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے تجارتی و صنعتی انجمنوں کے سربراہان کو لکھے گئے خط میں کہا کہ ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنا پاکستانی معیشت کی بقا کے لیے انتہائی ضروری ہے۔