• news

ذکاء اشرف نے کرکٹ بورڈ میں آمریت قائم کررکھی ہے: ملک ذوالفقار

 لاہور(سپورٹس رپورٹر ) پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے رکن ملک ذوالفقارنے کہا ہے کہ ذکا اشرف بورڈ نے میں آمریت قائم کر رکھی ہے۔ وہ کسی بھی معاملے میں مینجمنٹ کمیٹی سے مشاورت نہیں کرتے۔ اکیلے ہی تمام فیصلے کر رہے ہیں۔ کیا حکومت نے مینجمنٹ کمیٹی صرف انگوٹھے لگانے کیلئے بنائی تھی۔ مینجمنٹ کمیٹی کو مشاورتی عمل میں شامل نہیں کیا جا رہا۔ قومی سطح کی کرکٹ کے اہم فیصلے ہوں یا پھر بین الاقوامی معاملات مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف کمیٹی کو اعتماد میں لیے بغیر فیصلے کر رہے ہیں۔ وزیراعظم میاں شہباز شریف کو بورڈ میں اس آمریت کا نوٹس ضرور لینا چاہیے۔ کرکٹ بورڈ نے سکروٹنی کے نام پر انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ نہ تو سکروٹنی کی کوئی ضرورت ہے نہ ہی کسی کو انتقام کا نشانہ بنانے کی ضرورت ہے۔ سکروٹنی کے نام پر سٹیک ہولڈرز کو دیوار سے لگانے کی کوششیں ناکام ہوں گی۔ یہ کرکٹ کی خدمت نہیں ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی ڈسٹرکٹ کرکٹ بھی نوجوانوں کے کیرئیر سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ کسی بھی قسم کی منصوبہ بندی اور حکمت عملی کے بغیر ہونے والے کاموں کا یہی حال ہوتا ہے۔ ذکاء اشرف کو کرکٹ کے قومی و بین الاقوامی معاملات کی کوئی سمجھ بوجھ نہیں ہے۔ نہ وہ اہم فیصلوں میں مشاورت کرتے ہیں لاہور میں ایشیا کپ شیڈول اور ٹرافی کی تقریب رونمائی میں مینجمنٹ کمیٹی کے ارکان کو نظر انداز کرنا ذکاء اشرف کی آمرانہ ذہنیت اور خود پسندی کی بڑی مثال ہے۔ وزیراعظم میاں شہباز شریف کو ان حالات کا نوٹس ضرور لینا چاہیے۔پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کی جانب سے بھارت میں کھیلی جانے والی ایشین چیمپیئنز ٹرافی میچز لائیو دکھائے جائیں گے۔ بھارت کے شہر چنائے میں 3 تا 12 اگست کھیلی جانے والی ایشین چیمپینز ٹرافی میں شرکت کرنے والی پاکستان ہاکی ٹیم کے تمام میچز لائیو دکھانے کا فیصلہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی درخواست پر لیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن