یوم شہدامنایا گیا ، الیکشن جیت کر پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرینگے ، بلاول
اسلام آباد+ لاہور (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مودی حکومت کی جانب سے 5 اگست 2019ءکو اٹھایا گیا یکطرفہ و غیر قانونی اقدام مقبوضہ جموں و کشمیر کے خلاف بھارت کا آخری ہتھکنڈا تھا، وہ بھی ناکام ہوا۔ مقبوضہ ریاست کشمیر کی خصوصی حیثیت کو تبدیل کرنے سے بھارت دنیا میں انتہائی بری طرح بے نقاب ہوا ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ آج دنیا کے ہر کونے میں لوگ بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، یہ کشمیریوں کی فتح ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بھارت کے پاس سپریم کورٹ کے ذریعے اپنی سٹرٹیجک غلطی کو درست کرنے کا آخری موقع ہے۔ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو دنیا کے ہر فورم پر اٹھاتا رہے گا۔ حقوق کے حصول تک مقبوضہ کشمیر کی عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات جیتنے کے بعد پی پی حکومت محکمہ پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرے گی۔ پی پی پی چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے یوم شہدا پولیس پر جاری پیغام میں کہا کہ قومی تاریخ امن کیلئے پولیس کی بے مثال قربانیوں کی داستانوں سے لبریز ہے۔ دہشتگردی کیخلاف پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو یاد رکھا جائے گا۔ پنجاب پولیس نے گزشتہ روز یوم شہداء پولیس روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔ صوبہ بھر میں شہداءکے اعزاز میں خصوص تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ شہداءکی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ دن کا آغاز صوبہ بھر میں پولیس شہداءکی قبروں پر سینئر پولیس افسروں کی حاضری سے ہوا۔ تمام اضلاع میں شہداءکی قبروں پر پھول چڑھائے گئے۔ سینئر افسران نے شہداء کے ورثاءسے ملاقات کرکے اظہار یک جہتی کیا۔ یوم شہدائے پولیس کی مرکزی تقریب الحمرا ہال لاہور میں ہوئی جس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے50شہداء پولیس کے بچوں کو آئی ٹی کی تعلیم کیلئے محکمہ پولیس کی جانب سے جدید ترین لیپ ٹاپ مہیا کئے۔ آئی جی پنجاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی پنجاب کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلا آرڈر شہداء پولیس کے بچوں کی محکمہ میں بھرتی کیا جاری کیا، فورس کی ویلفیئر پر 65 لاکھ روپے روزانہ خرچ کر رہے ہیں، مستقبل میں اس رقم میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ یوم شہداء پولیس پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے 2017ء سے قبل کے پولیس شہداءکے ورثا کے لئے خصوصی تحفہ دیا جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں نجی سٹیٹ ڈویلپر کے ساتھ ایم او یو سائن کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس کے تحت جنوبی پنجاب کے نجی اسٹیٹ ڈویلپرز مختلف اضلاع میں 2017سے قبل کے پولیس شہداءکی فیملیز کو 68 پلاٹ گفٹ کریں گے۔ پولیس شہداء کی فیملیز کو وہاڑی میں 25، بہاولپور 5، بہاولنگر 10، فیصل آباد میں 03، ساہیوال میں 10 اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 15 پلاٹ دئیے جارہے ہیں۔ سنٹرل پولیس آفس میں تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور نجی اسٹیٹ ڈویلپر کے چیئرمین نے ایم او یو پر دستخط کئے۔آئی جی پنجاب نے پلاٹس کے بعد اگلے مرحلے میں گھروں کی تعمیر کیلئے شہداءکی فیملیز کو محکمہ ہر ممکن مالی معاونت بھی فراہم کرے گا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں شہداء پولیس کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے یادگار شہداء پولیس کو سلامی پیش کی۔ شہداء وال پر پنجاب پولیس کے تمام شہداء کے نام سنہری الفاظ میں کندہ کئے گئے ہیں۔ الحمرا ہال میں شہداء کے اعزاز میں تقریب میں ارفع کریم ٹاور دھماکہ میں شہید ہونے والے دو کانسٹیبلز بھائیوں کے والد چوہدری منظور، کانسٹیبل ظفر اقبال شہید کی بیٹی زینب ظفر، رائے ونڈ اجتماع میں شہید سب انسپکٹر منظور احمد کی بیوہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ کانسٹیبل ظفر اقبال شہید کی بیٹی زینب ظفر اور شہید انسپکٹر مصدق حسین کی بیٹی ھادیہ نے شہداء پولیس کی بے مثال قربانیوں کو شایان شان خراج تحسین پیش کیا۔ آئی جی پنجاب نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ہر شہید کے بچے کو 10 نمبر اضافی دے رہے ہیں، دوران سروس حادثات کا شکار ٹریفک افسران اور دیگر پولیس ملازمین کو ایک کروڑ روپے ملیں گے۔ پولیس ملازمین اور اہل خانہ کے علاج معالجے کے لئے بہترین ہیلتھ اداروں سے معاہدے کر لیے گئے ہیں۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ لاہور پولیس کے331 شہداءنے اپنی جانیں عوام کی حفاظت کرتے ہوئے قربان کی ہیں۔ شہداءکی فیملیز کی ویلفیئر کیلئے لاہور پولیس مسلسل سرگرمِ عمل ہے۔ شہداءاور غازی ہمارا فخر اور مان ہیں۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے شہدائے پولیس کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے یومِ شہدائے پولیس پر قوم کے جری جوانوں کی قربانیوں بارے خصوصی ویڈیو جاری کی ہے۔ ویڈیو میں راہ حق میں جاں نچھاور کرنے والے شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ ویڈیو میں چیئرنگ کراس خودکش دھماکے میں جام شہادت نوش کرنے والے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کیپٹن (ر) احمد مبین شہید کی والدہ کے تاثرات موجود ہیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان دوستی چٹان کی طرح مضبوط ہے۔ ہر حال میں چین پاکستان کا ساتھ دے گا‘ پاکستان کے اتحاد‘ استحکام اور مضبوطی کیلئے حمایت جاری رکھیں گے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی نسل در نسل چلتی آ رہی ہے۔ پاکستان مشکل وقت میں تعاون کرنے پر چین کا شکریہ ادا کرتا ہے۔