• news

نیشنل ایروسپیس ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح ، آرمی چیف کی شرکت، منصوبہ خود انحصاری عمل میں اہم سنگ میل : شہباز شریف 

اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ایروسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کر دیا۔نیشنل ایروسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کی افتتاحی تقریب کا انعقاد راولپنڈی میں ہوا جس میں وزیراعظم شہباز شریف سمیت مسلح افواج کے سربراہان، وفاقی وزراءاور اعلیٰ عسکری و سول حکام نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق ٹیکنالوجی پارک ایک قومی اور سٹریٹجک اہمیت کے منصوبے کے طور پر ملک کیلئے کثیر جہتی فوائد حاصل کرے گا، منصوبہ پاکستان میں تکنیکی ترقی کی حوصلہ افزائی کرے گا۔اس منصوبے سے آنے والی نسلوں کو ایک پلیٹ فارم مہیا ہو گا اور پاکستان کی خود انحصاری کے سفر میں بھی یہ منصوبہ اہم سنگ میل ثابت ہو گا، نیشنل ایرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک انڈسٹری اکیڈمیہ لنکیج قائم کرے گا۔مزید برآں یہ منصوبہ ایوی ایشن، سپیس اور سائبر کے میدانوں میں ضروری عناصر کا ایکو سسٹم فراہم کرے گا، سربراہ پاک فضائیہ کی انتھک کاوشوں اور چیف آف آرمی سٹاف کے تعاون سے یہ منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا ہے کہ پاکستان سیاحوں کےلئے ایک بے مثال ملک ہے، ای پورٹل دنیا بھر سے سیاحوں کی پاکستان میں دلچسپی بڑھانے میں معاون و مددگار ثابت ہوگا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے”سلام پاکستان“ برانڈ اور ای پورٹل کا افتتاح کردیا ، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تقریب میں شرکت باعث مسرت ہے، پاکستان میں سیاحت، ثقافت اور تاریخی ورثہ کے فروغ کے وسیع مواقع دستیاب ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی وسائل اور خوبصورت مناظر سے نوازا ہے ، پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے ، خصوصاً ملک کے شمالی علاقہ جات میں سیاحت مقامات کو سیاحت کے فروغ کےلئے استعمال کیاجاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاحت کے شعبہ کی ترقی اور فروغ کےلئے مشیر وزیراعظم عون چوہدری اور ان کی ٹیم کی کاوشیں قابل قدر ہیں، برادر اسلامی ممالک سمیت دنیا کے کئی دیگر ممالک نے ثقافت، دستکاریوں اور سیاحت کے شعبہ میں نمایاں ترقی کی ہے۔وزیراعظم نے غیرملکی سفیروں اور سفارتی برادری کی تقریب میں شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ملک میں سیاحت، ثقافت، تاریخی ورثہ اور دستکاریوں کے شعبہ کی ترقی کےلئے ”سلام پاکستان“برانڈ اور ای پورٹل کو کامیابیوں سے نوازے۔اس موقع پر مشیر وزیراعظم عون چوہدری نے وزیراعظم کو سلام پاکستان کا میمنٹو بھی پیش کیا۔ایران کے وزیر ثقافت، تاریخی ورثہ، سیاحت و دستکاری سید عزت اللہ زرغامی اور ایران کے سفیررضا میری سمیت سفارتی برادری اور اعلیٰ حکام بھی تقریب میں شریک تھے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے کہا ہے کہ علماءکرام کے احترام سے دین و دنیا کی کامیابیاں ملتی ہیں۔ پاکستان کو استحکام، امن اور بھائی چارے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کو معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔ 15 ماہ میں کوشش کی کہ پاکستان کو مشکلات سے نکالا جائے۔ ہمارے پاس اپنا تیل اور گیس ہوتا تو عوام کو بھی سستا فراہم کرتے۔ سیاسی تقریر کرنے یا الزام تراشی کرنے نہیں آیا۔ دنیا میں تیل کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ قرض سے نجات حاصل کرنی ہے تو محنت کرنا ہو گی۔ ہمیں کشکول توڑنا ہوگا۔ 

ای پیپر-دی نیشن