• news

ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ ، ووٹ نہیں لینا صرف عوام کی خدمت کررہا ہوں : محسن نقوی 


لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ملتان روڈ مراکہ کے قریب رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کا دورہ کیا اور پراجیکٹ کی سائٹ کا معائنہ کیا۔ پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ 12 برس بعد لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ پر کام کا آغاز ہوگیا ہے اور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری کی تکمیل سے عوام کو آمد و رفت کی بہترین سہولتیں ملیں گی اور یہ منصوبہ 31 دسمبر تک مکمل ہوجائے گا۔ کچھ کورٹ کیسز تھے جو کہ الحمد للہ ختم ہو چکے ہیں۔ جنوبی پنجاب سے آنے والی ٹریفک کا رش اب ٹھوکر اور کینال روڈ پر نہیں ہوگا بلکہ یہ ٹریفک لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری کے ذریعے اپنی منزل کی طرف جائے گی۔ محسن نقوی نے کہاکہ یہ بات واضح کردینا چاہتا ہوں کہ میں نے ووٹ نہیں لینا، صرف عوام کی خدمت کررہا ہوں۔ جتنا بھی وقت ہے کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے۔ پوری ٹیم عوام کو ریلیف دینے کے لئے دن رات محنت کر رہی ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے واقعہ کے حوالے سے جوڈیشل کمشن بنے گا اور پنجاب حکومت رپورٹ جوڈیشل کمیشن میں جمع کرائے گی۔ مائیں، بہنیں سانجھی ہوتی ہیں، انہیں یقین دلاتا ہوں کہ واقعہ ہوا ضرور ہے لیکن اسے بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ہے اور ہماری بچیاں محفوظ ہیں۔ یہ میرا وعدہ ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے واقعہ میں ملوث افراد سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔ تھانے میں پولیس کو پبلک فرینڈلی اور ماحول بہترین ہونا چاہیے۔ مہنگائی ایک حقیقت ہے، قیمتیں بڑھانے والوں کے خلاف آپریشن کررہے ہیں۔ سنوکر چیمپئن احسن رمضان کے معاملے پر انکوائری کر رہے ہیں، قصوروار کے خلاف کارروائی ہوگی۔ محسن نقوی نے یوم شہدائے پولیس کے موقع پر پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں یادگار شہداءپولیس پر حاضری دی اور یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور پولیس کے شہداءکے لئے دعا کی۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال، شاہدرہ فلائی اوور پراجیکٹ اور شاہدرہ تھانے کے دورے کیے۔ محسن نقوی نے تین گھنٹے طویل دورے کے دوران ہسپتال میں طبی سہولتوں اور فلائی اوور پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے شاہدرہ تھانے کی حوالات میں بند قیدیوں سے ان کے کیسز کے بارے میں پوچھا، فرنٹ ڈیسک کا بھی معائنہ کیا۔ مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے طبی سہولتوں اور مفت ادویات کی فراہمی کے بارے میں استفسار کیا۔ بعض مریضوں نے ڈاکٹرز کی جانب سے چیک اپ نہ کرنے کی شکایت کیں۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے موقع پر ہی سیکرٹری صحت کو ٹیلیفون کیا اور رات کی شفٹ میں ڈاکٹرز کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔ بعض وارڈز میں اے سی بند تھے، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اے سی کو فنکشنل رکھنے کے لئے ہدایات دیں۔ وزیراعلیٰ نے ذیابیطس کے مریض بچے کو سروسز ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں سروسز ہسپتال کی اپ گریڈیشن سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈمن بلاک کی جگہ میڈیکل ٹاور بنانے کی تجویز پر غور کیا گیا اور سروسزہسپتال کی چھتوں کو واٹر پرو ف کرنے کی ہدایت کی گئی۔ نگران وزیراعلیٰ کی زیرصدارت لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کے اجلاس میں بجٹ برائے مالی سال 2023-24 کے فاضل بجٹ‘ یو ڈی ونگ، واسا اور ٹیپا کے لئے 78ارب 66 کروڑ سے زائد روپے کے مجموعی بجٹ کی منظور ی دی گئی۔ اجلاس میں شاہراہ نظریہ پاکستان کو سگنل فری کرنے کی منظوری دی گئی جس کے تحت نظریہ پاکستان روڈ پر مزید یوٹرنز بنائے جائیں گے۔ اکبر چوک فلائی اوور کی تعمیر کے لئے لون ایگریمنٹ اور ارفع کریم ٹاور سے ملحقہ پرانی سبزی اور فروٹ منڈی کی اراضی کے بہتر استعمال کی منظوری دی گئی۔ لاہور میں پٹرول پمپس کے این او سی کے اجراء کا جائزہ لیا گیا اور ایل ڈی اے سٹی ہاو¿سنگ سکیم میں نیا پاکستان ہاو¿سنگ ڈیپارٹمنٹ کے رجسٹرڈ ممبرز کے لئے اپارٹمنٹ کی اجازت پر غور کیا گیا۔ محسن نقوی نے ایل ڈی اے کو ٹیکینکل ڈیپارٹمنٹ قائم/ فنکشنل کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ ایل ڈی اے شہر کی سڑکوں کی تعمیرو مرمت کے کام کو فوری طورپر یقینی بنائے۔
محسن نقوی

ای پیپر-دی نیشن