• news

مقبوضہ کشمیر : تلاشی کارروائیاں ، 2 افراد گرفتار ، کشمیری آج یوم سیاہ منائیں گے 


سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر،پاکستان سمیت پوری دنیا میں مقیم کشمیری ہفتے کویوم استحصال کشمیر کے موقع پر بھارت کے خلاف یوم سیاہ منایا جائے گا بھارت کے خلاف احتجاجی جلسے جلوس مظاہرے ہوں گے۔ پانچ اگست کو یوم سیاہ منانے کا مقصد 2019 کے بھارتی اقدام کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرانا ہے۔بھارتیہ جنتاپارٹی کی بھارتی حکومت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے 5اگست 2019 کو بھارتی آئین کی دفعات 370 اور35A منسوخ کر کے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی تھی اور مقبوضہ علاقے کا فوجی محاصرہ کر لیا تھا جبکہ بھارتی ریاست اترپردیش میں احمد رضا نامی شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اترپردیش کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ اے ٹی ایس نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ احمد رضا کشمیری عسکری تنظیم حزب المجاہدین کا کارکن ہے۔ اسے مراد آباد سے گرفتار کیا گیا ہے۔ کشمیر کے کولگام اور پلوامہ اضلاع جبکہ، راجوری اور پونچھ اضلاع میں بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے اور ایس آئی اے نے گھروں پر چھاپے مارے اور تلاشی لی۔ ادھر ضلع کشتوار میں کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت ایک معمر شہری عبدالکریم بٹ کو گرفتار کر لیا گیا۔ عبدالکریم بٹ حزب المجاہدین کے کمانڈر جہانگیر سروری کا بھائی ہے۔ دوسری جانب ڈوڈہ ضلع میں ایک بھارتی فوجی سمیت دو افراددریائے چناب میں ڈوب کر ہلاک ہو گئے ہیں۔ ڈوہ ضلع کے درگا نگر گاوں میں ایک بھارتی فوجی سمیت دو افراد ہاتھ دھونے کی غرض سے دریائے چناب کے کنارے پرگئے جس دوران پیر پھسل جانے کی وجہ سے دونوں پانی میں ڈوب گئے۔ 
کشمیر 

ای پیپر-دی نیشن