ملازمہ تشدد کیس،رضوانہ کی حالت سنبھل گئی، تمام رپورٹس مثبت
لاہور ( این این آئی) جنرل ہسپتال لاہور میں تشدد کا شکار گھریلو ملازمہ کا علاج جاری ہے، اس حوالے سے پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا ہے کہ بچی کی حالت میں مزید بہتری آرہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بچی کو اب آکسیجن فری قرار دے دیا گیا ہے جبکہ رضوانہ کی تمام رپورٹس بھی مثبت ہیں، انہیں جلد کسی بھی وارڈ یا پرائیوٹ روم میں شفٹ کیا جا سکتا ہے اور آئندہ ہفتے ان کے بازوں کی سرجری کی جائے گی۔خیال رہے کہ گھریلو ملازمہ رضوانہ تشدد کیس میں وفاقی پولیس نے 5رکنی جے آئی ٹی تشکیل دے دی جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے 5ممبران میں 3پولیس آفسران، ایک انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی)اور ایک انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کا ممبر شامل ہو گا۔دوسری جانب چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے تشدد کی شکار کمسن بچی رضوانہ کی قانونی تحویل حاصل کرلی۔چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کا کہنا تھا کہ صحتیابی کے بعد رضوانہ کی تعلیم اور بہتر نشوونما کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں گے، لڑکی کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔