یوم استحصال کشمیر، گورنر نے بھارتی مظالم پر مبنی تصویری نمائش کا افتتاح کیا
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) حکومت پنجاب کی ہدایت پر صوبے کے تمام اضلاع میں یوم استحصال کشمیر بھرپور طریقے سے منایا گیا۔ تمام ڈویژنز، ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز میں بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کا شکار مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جلسے، جلوس، ریلیوں اور بھارت کے مظالم پر مبنی تصاویری نمائشوں کا اہتمام کیا گیا۔ یوم استحصال کشمیر سے متعلق سرگرمیوں میں مذہبی اقلیتوں اور طالب علموں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ صوبائی محکمہ اطلاعات و ثقافت کے زیر اہتمام الحمراء آرٹس کونسل میں مرکزی تقریب منعقد ہوئی جس میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں سیکرٹری اطلاعات علی نواز ملک، کمشنر و ڈپٹی کمشنر لاہور، انتظامی افسران اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے بھارتی مظالم کے حوالے سے تصویری نمائش کا بھی افتتاح کیا۔ یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریبات میں ضلعی انتظامیہ اور شرکاء کی جانب سے اس امر پر زور دیا گیا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر کی قانونی حیثیت بحال کروانے اور مسئلہ کشمیر حل کرنے میں سنجیدہ کردار ادا کرے۔ صوبے بھر میں منعقدہ جلسے، جلوسوں، واک، سیمینارز اور دیگر سرگرمیوں کے ذریعے اقوام عالم سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ بھارت کے ریاستی مظالم سے مظلوم کشمیریوں کو نجات دلانے کیلئے عملی طور پر متحرک ہو۔ مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اس امر کی پرزور الفاظ میں مذمت کی۔ یوم استحصال کشمیر کے پروگراموں کے اختتام پر مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں بسنے والے کشمیریوں کی آزادی کیلئے خصوصی دعاؤں کا بھی اہتمام کیا گیا اور کشمیریوں کی قربانیوں پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔