• news

باجوڑ دھماکے کی مذمت، دنیا گرفتار حریت رہنماؤں کی رہائی کیلئے کردار ادا کرے: فضل الرحمن

اسلام آباد (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) جمعیت علماء اسلام کی مر کزی مجلس شوریٰ کا اہم اجلاس جے یو آئی کے سر براہ مولانا فضل الرحمن کی صدارت میں مر کزی سب آفس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ مرکزی ترجمان کے مطابق اجلاس کے آغاز میں شہداء باجوڑ کے لئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کے لئے جلد صحتیابی کی خصوصی دعاء مولانا فضل الرحمن نے کروائی۔ مرکزی مجلس شوریٰ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ اجلاس بھرپور یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ان کی لازوال قربانیوں کو ہم سلام پیش کرتے ہیں۔ اجلاس میں مودی سرکار کی طرف سے آئینی دہشت گردی 5 اگست 2019ء کو ہونے کی بھرپور مذمت کی گئی۔ جے یو آئی کے سر براہ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ جے یو آئی حریت پسندوں کے مؤقف ہمیشہ حامی رہی ہے اور ان کی حمایت ہمیشہ کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ مودی سرکار نے جن حریت پسندوں کو پابند سلاسل کیا ہوا ہے اقوام عالم ان کی رہائی میں اپنا کردار ادا کرے۔ اجلاس نے اپنی ایک قرارداد میں باجوڑ واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ اجلاس آج بھی جاری رہے گا۔ اجلاس میں عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ بھی لیا جائے گا اور حکمت عملی طے کی جائے گی۔ دریں اثناء چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کی وفد کے ہمراہ جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اور چئیرمین سینٹ نے مولانا فضل الرحمان سے سانحہ باجوڑ پر افسوس کا اظہار کیا۔ شہداء کے لئے دعاء مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعاء کی۔ چئیرمین سینٹ نے سانحہ باجوڑ کو اسلام اور پاکستان دشمنوں کی کارستانی قرار دیا۔

ای پیپر-دی نیشن