علاقائی ماحول کے تناظر میں چیلنجنگ دور سے گزر رہے ہیں،ایئر چیف
اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار)سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کی افتتاح کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ " تغیر پذیر عالمی اور علاقائی ماحول کے تناظر میں ہم اس وقت ایک انتہائی چیلنجنگ دور سے گزر رہے ہیں۔ یہ ارتقاء کا دور ہے جس نے نیش اور خلل ڈالنے والی ٹیکنالوجیز کے حصول کی اہمیت کو اجاگر کرکے قومی سلامتی اور دفاع سے متعلق روایتی تصورات پر گہرے اثرات مرتب کیئے ہیں۔تفصیلا ت کے مطا بق پاکستان کی سیاسی قیادت کے ویژن کو سراہتے ہوئے ائیر چیف نے اس امر پر زور دیا کہ عصرحاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی سیاسی قیادت نے 'سپیشل انویسٹمینٹ فسیلیٹیشن کاؤنسل' کے قیام کا تصور پیش کیا تاکہ مطلوبہ روابط استوار کرتے ہوئے ایسے پلیٹ فارمز کا قیام عمل میں لایا جائے جو کہ پاکستان میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دے سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ 'سپیشل انویسٹمینٹ فسیلیٹیشن کاؤنسل' کی سرپرستی میں قومی تعمیر کے منصوبوں، بالخصوص ایرو اسپیس اور آئی ٹی کے شعبہ جات میں اپنا کردار ادا کرے گی۔سربراہ پاک فضائیہ نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک منصوبے کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ہائبرڈ ماڈل پر مبنی ایک کثیر الجہتی منصوبہ ہے جو کہ پاکستان کے بڑے شہروں میں پرائیویٹ سیکٹر اور ایرو اسپیس کلسٹرز پر محیط ہے۔