فیصلے نے ثابت کیا عدالتیں آزاد، چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر پرویز خٹک کا ردعمل
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے سربراہ پرویز خٹک نے چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر ردعمل میں کہا ہے کہ عدالت نے فیصلے سے ثابت کیا کہ ہماری عدالتیں آزاد ہیں۔ فیصلے آئین و قانون کو سامنے رکھ کر ہوتے ہیں۔ کرپشن‘ چوری یا اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف قانون موجود ہے۔ فیصلے کرنے کا اختیار عدالتوں کو حاصل ہے۔ ہمارا شروع سے مؤقف تھا کہ ہر مسئلے کا حل بات چیت سے ممکن ہے۔ انا اور اقتدار کی بھوک آج ان کو اس مقام پر لے آئی۔ اچھی بھلی پارٹی کو بنانے اور مضبوط کرنے میں برسوں لگے۔ اس نے ہوس اقتدار میں محض ایک سال میں پارٹی کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیئے۔ جس نے ان پر احسان کیا یا وزیراعظم بننے میں مدد کی‘ اس کو سب کے سامنے رسوا کیا۔ سب نے کہا پارلیمنٹ کے اندر رہیں اور اسمبلیاں مت توڑو۔ انہوں نے کسی کی نہ سنی۔ اپنی ہٹ دھرمی کی وجہ سے آج ان کو یہ دن دیکھنا پڑ رہا ہے۔ معصوم نوجوانوں کو ورغلاء کر اور ٹکٹوں کا لالچ دیکر بے وقوف بنایا گیا۔ نوجوان صوبے کے بہتر مستقبل کیلئے اپنی توجہ مرکوز کریں۔ خیبر پی کے میں ان کو اب مزید کسی ایڈونچر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔