• news

پاک بحریہ نے ٹائپ 21 کلاس کے آخری جہاز کوبحری بیڑے سے سبکدوش کر دیا

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)پاک بحریہ نے ٹائپ 21 کلاس کے آخری جہاز پی این ایس طارق کو تیس سال کی عسکری خدمات کے بعد بحری بیڑے سے سبکدوش کر دیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق تقریب کا انعقاد پی این ڈاکیارڈ کراچی میں کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے خارجہ امور بلاول بھٹو زرداری تھے۔ پی این ایس طارق آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔پی این ایس طارق کی الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے گزشتہ تین دہائیوں میں مادر وطن کے دفاع کے لیے جہاز کی شاندار خدمات کوسراہا۔انہوں نے 2005 میں بحر ہند کے سونامی کے بعد مالدیپ میں پی این ایس طارق کی جانب سے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کی تعریف کی جس میں مختلف ممالک کے 377 سیاحوں کی قیمتی جانیں بچائی گئیں۔ پی این ایس طارق کے اس کارنامے کا اعتراف بین الاقوامی سطح پر بھی کیا گیا۔ مہمان خصوصی نے اب تک جہاز کو بہترین آپریشنل حالت میں برقرار رکھنے پر جہاز کے عملے کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے جہاز کو برطانیہ میں میوزیم کے طور پر نمائش کے لیے رکھنے کے اقدام کو سراہا جس میں رائل نیوی کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ کے بحری ورثے کو بھی دکھایا جائے گا۔پی این ایس طارق کو 1993 میں پاک بحریہ میں شامل کیا گیا تھا اور اس وقت کی تقریب میں وزیر اعظم، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی تھی اور 30 سال کی خدمات کے بعد ان کے بیٹے نے اس جہاز کی الوداعی تقریب میں شرکت کی۔ پاک بحریہ میں تقریبا تین دہائیوں کی شاندار خدمات کے دوران جہاز نے بیس ہزار گھنٹے سمندر میں گزارے اور دس لاکھ ناٹیکل میل سے زیادہ کا فاصلہ طے کیا۔اس جہاز کے عسکری سفر سے سبکدوشی سے قبل پاکستان نیوی نے 2 اگست کو مقامی طور پر بنائے جانے والے ملجم کلاس جہاز کی لانچنگ کی جس کا نام طارق رکھا گیا ہے تاکہ پرانے پی این ایس طارق کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جاسکے اور اس کی میراث کو آگے بڑھایا جائے۔تقریب میں سول اور عسکری معززین بشمول پی این ایس طارق کے سابق کمانڈنگ افسران اور کمیشننگ عملے نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن