چیئرمین پی ٹی آئی کشمیر سے زیادہ اہم نہیں‘ سیاسی و مذہبی قیادت سبق سیکھے: طاہراشرفی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا سے سب سیاستدانوں کو عبرت حاصل کرنی چاہئے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان علماء کونسل طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اب کسی کو کسی بھی ملک سے تحفہ ملے‘ توشہ خانہ میں جمع کرائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے۔ بھارت نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیر کو اپنا حصہ ڈکلیئر کیا۔ آج یوم استحصال کشمیر ہے۔ کشمیر و فلسطین کے مسائل سے 75 سال سے خون بہہ رہا ہے۔ علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہئے۔ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے آج بھی عالمی امن خطرے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادو پر عمل کرتے ہوئے 5 اگست کافیصلہ واپس لے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کشمیر سے زیادہ اہم نہیں ہے۔ کاش سیاسی و مذہبی قیادت آج ان سے سبق حاصل کرے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری منصب پر ملے سرکاری تحائف کو قومی خزانے میں جمع کرانا چاہئے۔ سرکاری تحائف توشہ خانے میں جمع کرانے کا قانون بننا چاہئے۔ علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے نوازشریف اور زرداری پر مقدمے کرائے‘ چیئرمین پی ٹی آئی نے عبرت پکڑی ہوتی تو آج یہ نہ ہوتا۔