روس کے یوکرائن پر حملے تیز، صحت و تعلیمی مراکز نشانہ بنائے
کیف (آئی این پی+ این این آئی) روس کے یوکرائن پر حملوں میں تیزی آگئی، تعلیمی اور صحت کے مراکز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یوکرینی صدر نے پیوٹن پر گائیڈڈ بم سے حملوں کا الزام عائد کیا ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق روس کی یوکرائن کے مشرقی علاقے میں جنگ جاری ہے۔ خار کیو کے علاقے میں خون عطیہ کرنے کے مراکز کو گائیڈڈ بم سے نشانہ بنایا گیا ہے، جس سے عمارت میں آگ بھڑک اٹھی۔ صحت اور تعلیم کے مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔ ادھر بارود سے بھرے یوکرائن کے سمندری ڈرون نے روس کو کریمیا سے ملانے والے پل کے قریب رات کے اوقات میں ایک روسی ایندھن کے ٹینکر کو نشانہ بنایا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دونوں فریقوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ اس طرح کا دوسرا حملہ ہے۔ یوکرین کے انٹیلی جنس ذرائع نے بتایا کہ 450 کلو گرام دھماکا خیز مواد کے ساتھ ڈرون نے ایس آئی جی جہاز کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ یوکرائن کی سمندری حدود سے روسی فوج کے لیے ایندھن لے جا رہا تھا۔ ذرائع نے یوکرینی بحریہ اور سکیورٹی سروس کے مشترکہ آپریشن کے بارے میں بتایا کہ نشانہ بنائے گئے ٹینکر میں ایندھن بھرا ہوا تھا، اس لیے شعلے کافی دور سے دیکھے گئے۔