شاہ سلمان، ولی عہد کا چینی صدر سے رابطہ، سیلاب سے نقصان پر اظہار افسوس
ریاض(این این آئی)سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے چین میں شدید بارشوں کے سبب آنے والے سیلاب میں جانی نقصان پر چینی صدر شی جن پنگ سے افسوس کا اظہار کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق شاہ سلمان نے اپنے سفارتی کیبل میں کہا کہ ہمیں شدید بارشوں کے نتیجے میں دارالحکومت بیجنگ میں سیلاب اور اس کے نتیجے میں جانی نقصان کی اطلاع موصول ہوئی۔ ہم آپ کے درد میں برابر کے شریک ہیں اور آپ کو اور اپنی جانیں گنوانے والے چینی شہریوں کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم لاپتہ افراد کی بحفاظت واپسی اور زخمی ہونے والے شہریوں کی جلد از جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔سعودی ولی عہد نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں آپ اور چینی شہریوں کے دکھ میں شریک ہوں اور تمام زخمی افراد کی صحتیابی کے لئے دعا گو ہوں۔