حضورؐ کی سچی غلامی کر نے والا کسی کے متعلق برا نہیں سوچ سکتا ،پیرنقیب الرحمن
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)دربارِ عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالمِ اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے حضور نبی کریم ؐ کی غلامی و اتباع کرنے والوں کے لئے ہدایت اور رہنمائی کے تمام راستے کھلے ہیں اور شریعتِ مطہرہ وہ شمعِ فروزاں ہے جس کی روشنی میں چل کر ہی ربِ رحمان کی رضا حاصل کی جا سکتی ہے۔ حضور نبی رحمت ؐ کی سچی غلامی و اتباع اختیار کر لینے والا نہ کبھی کسی کے متعلق برا سوچ سکتا ہے اور نہ اس کی ذات سے مخلوقِ خدا کو تکلیف پہنچتی ہے۔ خانقاہی نظام کی جان اور حقیقی روح یہ روحانی تربیت کرنا ہے کہ انسان کا قیمتی اثاثہ ایمان ہے اور ایمان کی حفاظت اور مضبوطی کے لئے ہمارے پاس مشعلِ راہ اتباعِ رسولِ مقبول ؐ ہے۔وطنِ عزیز پاکستان میں امن و سلامتی، اتحاد و ترقی اور بہترین معاشرہ تشکیل دینے کے لئے تعلیماتِ نبوی ؐ ہمارے پاس بہترین ذریعہ ہیں۔ وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی، خوشحالی، ترقی کے لئے آپس میں اتحاد، اخوت، روا داری اور بھائی چارہ وقت کی ضرورت ہے۔پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ وطنِ عزیز کی سلامتی و ترقی کے لئے ہر قربانی دینے کے لئے تیار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیث پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل سے ماسٹر محمد ارشد، قاری محمد سلیم شہزاد اور خواجہ وجاہت جمیل نے بھی خطاب کیا جبکہ دربارِ رسالت مآب ؐ میں نعت پاک کا نذرانہ محمد طاہر، حافظ محمد عامر اور عبدالکبیر نقشبندی نے پیش کیا۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواج پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین کے لئے خصوصی دعا کی۔