ایک ہفتے میں 54 بل منظور ، صوبہ ہزارہ بل بھی فوری منظور کیا جائے،سردار یوسف
اسلام آباد(وقائع نگار) چیئرمین صوبہ ہزارہ تحریک سردار محمد یوسف، وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود،سینیٹر پیر صابر شاہ، سابق وفاقی وزیر سید قاسم شاہ ،سردار شاہ جہان یوسف ،مرکزی کو آرڈی نیٹر پروفیسر سجاد قمر، سید جنید قاسم شاہ ،پارلیمانی سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر سجاد اعوان نے کہا ہے کہ جہاں ایک ہفتے میں 54 بل پارلیمنٹ سے منظور کیے گئے ہیں وہاں صوبہ ہزارہ کا بل بھی فوری طور پر منظور کیا جائے۔اپنے ایک بیان میں صوبہ ہزارہ تحریک کے رہنماں نے کہا کہ پارلیمنٹ سے 54 بل راتوں رات منظور کرنا اور ستر لاکھ عوام کے مطالبے کو التوا میں ڈالنا شدید قابل تشویش ہے۔صوبہ ہزارہ کا مطالبہ نسلی اور لسانی نہیں بلکہ انتظامی بنیادوں پر ہے۔ہزارہ میں سترہ سے زیادہ قبائل بستے ہیں۔اور چھ سے زاہد زبانیں بولی جاتی ہیں۔کوہستان سے پشاور ایک دن کا سفر ہے۔آئین اور قانون عوام کی سہولت کے لیے ہوتے ہیں نہ کہ ان کو مشکل میں ڈالنے کے لیے۔3 کروڑ کی آبادی میں بھی چار صوبے تھے اور اب 24 کروڑ میں بھی چار ہی صوبے ہیں۔جہاں نئے ضلعے ،تحصلیں اور ڈویژن بنتے ہیں وہاں پر نئے صوبے بھی بننے چاہیے ہیں۔صوبہ ہزارہ تحریک کے رہنماں نے کہا اراکین پارلیمنٹ اور پارلیمانی لیڈروں سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر صوبہ ہزارہ کا بل منظور کریں۔انھوں نے کہا کہ اگر نئی مردم شماری سے انتخابات التوا کا شکار ہو سکتے ہیں تو ساتھ نئے صوبوں کو بھی شامل کیا جائے۔