• news

سردار طالب و دیگر آئی پی پی میں شامل‘ الیکشن آگے ہونے سے فرق نہیں پڑتا: جہانگیر ترین

لاہور (نیوز رپورٹر) استحکام پاکستان پارٹی میں مزید  سیاسی شخصیات نے شمولیت اختیار کی ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین آئی پی پی جہانگیر خان ترین نے کہا کہ اگر الیکشن دو چار دن آگے پیچھے ہو جائیں تو اس سے فرق نہیں پڑے گا۔ ہمیں خوشی ہے کہ قصور سے بھی دوست پارٹی کو جوائن کر رہے ہیں۔ ہم سب دوستوں کے ساتھ مل کر ملک کی خدمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئے آنے والے دوستوں کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  صدر عبدالعلیم خان نے کہا کہ آئی پی پی میں ہر ہفتے نئے دوست شامل ہو رہے ہیں جس سے آئی پی پی کی سیاسی طاقت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ جب تک بزدار اور فرح گوگی کی گرفتاری نہیں ہوتی تب تک تمام شواہد سامنے نہیں آ سکتے۔ اگر ہمیں ان کی کرپشن کے شواہد کے لئے کسی فورم پر بلایا گیا تو ہم پیش ہوں گے۔ اس موقع پر دیگر ساتھیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے سردار طالب نکئی نے کہا کہ میں انتہائی خوشی کے ساتھ استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتا ہوں۔ ہمارا ان سے تعلق کافی پرانا ہے، ہم نے مل کر پاکستان کی خدمت کرنی ہے۔ اس پارٹی نے غریب اور کسان کی حالت کو بدلنا ہے۔ جب اس پارٹی کو اوپر لے کر آئیں گے تو سب کو فائدہ ہوگا۔ ہم غریب اور کسانوں کے لئے مل کر کام کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن