قرآن مجید‘ نبی کریم ؐ کی شان میں گستاخی کو برداشت نہیں کیا جا سکتا: چودھری سرور
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے چیف آرگنائزر چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں قرآن مجید کی بے حرمتی اور نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی شان میں گستاخی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا، دانستہ طور پر اٹھائے جانے والے اس طرح کے اقدامات عالمی امن کیلئے خطرہ ہیں جس کا سختی سے نوٹس لیا جانا چاہیے، ایسے معاملات کی روک تھام کیلئے موثر پلیٹ فارم پر رجوع کیا جائے گا جس کیلئے نامور قانونی ماہرین کی مشاورت سے پیشرفت شروع کر دی گئی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ق) چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں آئندہ عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور نوجوانوں کو آگے لایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ ق لاہور کے جنرل سیکرٹری محمد ندیم پہلوان کے ہمراہ گلاسکو میں پارٹی رہنمائوں، مختلف شعبوں میں فرائض سر انجام دینے والے پاکستانی کمیونٹی کے افراد اور قانونی ماہرین سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری محمد سرور کو بتایا گیا کہ 26اگست کو گلاسکو میں قرآن مجید اور دیگر الہامی کتابوں کے احترام کیلئے ریلی نکالی جائے گی۔ اسلام امن، محبت اور رواداری کا درس دیتا ہے لیکن بد قسمتی سے کچھ ناعاقبت اندیش آزادی اظہار رائے کی آڑ میں دنیا بھر میں بسنے والے اربوں مسلمانوں کے جذبات کو اشتعال دلاتے ہیں۔