• news

مصر،نہرسویز میں ٹگ بوٹ ڈوب گئی، عملے کا کا رکن ہلاک

قاہرہ(این این آئی)مصرکی تزویراتی لحاظ سے اہمیت کی حامل آبی گذرگاہ نہر سویز(سویس)کی ٹگ بوٹ ہانگ کانگ کے پرچم بردارایل پی جی سے لدے ٹینکر سے ٹکرانے کے بعد ڈوب گئی ہے۔اس حادثے میں ٹگ بوٹ کے عملہ کا ایک رکن ہلاک ہوگیا ۔میڈیارپورٹس کے مطابق نہر سویز اتھارٹی کے سربراہ اسامہ ربیع نے ایک بیان میں بتایا کہ تجارتی گذرگاہ میں پھنسے ہوئے جہازوں کو کھینچنے کے لیے استعمال ہونے والی ٹگ بوٹ فہدپر سات افراد سوار تھے۔اس ڈوبی کشتی کو نکالنے کے لیے ایک کرین کے ساتھ امدادی کام جاری ہے۔نہر کے دو ذرائع نے بتایا کہ چائنا گیس لیجنڈ ٹینکر کو تصادم سے کوئی نقصان نہیں پہنچا، وہ معمول کے مطابق کام کر رہا تھا اور پورٹ سعید پرلنگرانداز تھا۔نہرسویز اتھارٹی کے دو اورذرائع کا کہنا تھا کہ ٹگ بوٹ کے عملہ کے چھے ارکان کو بچا کر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ساتویں کی موت کی تصدیق کردی گئی ہے۔سوگوار خاندان نے متوفی کانام سید موسی بتایا ہے اور کہا ہے کہ ان کا تعلق پورٹ سعید سے تھا۔اسامہ ربیع نے مزید بتایا کہ یہ حادثہ نہرسویز میں بلاح بائی پاس کے قریب پیش آیا ہے۔اس وقت چائنا گیس لیجنڈ نامی ٹینکرسنگاپور سے امریکا جاتے ہوئے جنوب کی جانب بڑھ رہا تھا۔یہ ٹینکر فی الحال پورٹ سعید میں حادثے سے متعلق طریق کار کی تکمیل تک لنگرانداز ہے۔اس ٹینکر کی لمبائی 230 میٹر اور چوڑائی 36 میٹر ہے۔اس میں 52 ہزار ٹن مائع قدرتی گیس (ایل پی جی)لدی ہوئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن