ایشنر طرز پر پاکستان، بھارت جناح، گاندھی سیریز کھیلیں ، ذکاء اشرف
لاہور(سپورٹس رپورٹر)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی چوہدری ذکا ء اشرف نے کہا ہے کہ ایشیا کپ اور ورلڈکپ میں بابر اعظم کپتان جبکہ مکی آرتھر ڈائریکٹر رہیں گے۔ کوچنگ سٹاف بھی برقرار رکھا جائے گا۔ انہوںنے اس خواہش کا اظہار کیا کہ ایشز کی طرز پر پاکستان بھارت جناح گاندھی سیریز کھیلیں۔جے شاہ اور بی سی سی آئی سے امید ہے جلد پی سی بی سے بہترین تعلقات کے سفر کی شروعات کریں گے۔ کپتان بابر اعظم، کوچ بریڈ برن فاسٹ بائولنگ کوچ مورنی مورکل اور ڈائریکٹر کرکٹ مکی آرتھر ایشیا کپ اور ورلڈ کپ تک تبدیل نہیں ہوں گے۔ البتہ منیجر ریحان الحق‘ میڈیا منیجر افتخار ناگی مینجمنٹ میں ہونگے؟ ابھی طے نہیں کیا۔ سابق چیئرمین نجم سیٹھی سمیت تمام سابق چیئرمینوں کیلئے بورڈ کے دروازے مشاورت کیلئے ہمیشہ کھلے ہیں۔ امریکہ اور سعودی عرب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کرکٹ لیگز شروع کرنے کیلئے بات چیت شروع کر چکا ہے۔ پی ایس ایل کے بعد پی سی بی کی اپنی ٹی10 لیگ شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ایشیا کپ کے پاکستان میں ہونے والے میچوں کیلئے پی سی بی خاص تیاریاں کر رہا ہے۔ سابق ٹیسٹ کپتان راشد لطیف کے حوالے سے کہنا تھا کہ انہوں نے بورڈ میں انہیں نہیں بلایا، وہ مصباح الحق کی دعوت پر آئے تھے۔ کوشش ہے ڈومیسٹک کرکٹ کا سیزن وقت پر شروع ہو۔ احسان مانی کے بورڈ میں ڈیپارٹمنٹ کرکٹ ختم کر کے کرکٹرز کیساتھ ناحق ظلم کیا گیا۔ البتہ اب نئے ڈومیسٹک کرکٹ میں ڈیپارٹمنٹ اور ریجنز کی ٹیمیں کھیلیں گی۔ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو 45 لاکھ روپے ماہانہ دینے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔ تاہم انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ ایشیا کپ اور ورلڈکپ جیسے اہم ایونٹ سے قبل کھلاڑیوں کا لیگ کھیلنا خطرناک ہے۔ ہمیں ڈر ہے، کرکٹرز زخمی ہوسکتے ہیں، البتہ سابقہ بورڈ کی اجازت کے باعث کرکٹرز کو لیگ کھیلنے سے نہیں روک سکتے۔