پاکستان کی خوشحالی، استحکام کیلئے مسلم، غیر مسلم دونوں نے کردار ادا کرنا ہے: طاہر اشرفی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور استحکام میں مسلم اور غیر مسلم دونوں کو کردار ادا کرنا ہے۔ آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق کا مکمل محافظ ہے۔ پاکستان میں رہنے والے مسلم اور غیر مسلم برابر کے شہری ہیں۔ مسیحی برادری نے تعلیم اور صحت کے میدان میں پاکستان کی بہت خدمت کی ہے۔ باجوڑ، خیبر، کوئٹہ اور دیگر مقامات پر ہونے والی دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ تمام آسمانی مذاہب کے مقدسات کے احترام کا عالمی سطح پر قانون بنایا جانا چاہیے۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور سینٹ انتھونی کیتھولک چرچ کے زیر اہتمام بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان علماء کونسل و صدر انٹرنیشنل انٹرفیتھ ہارمنی کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اور آرچ بشپ ڈاکٹر سبیسٹئین شائ، ریونڈر عمانوال، سردار کھوکھر، پیر علامہ زبیر عابد، مولانا محمد اسلم صدیقی، مولانا محمد عاصم مخدوم دیگر علماء کرام اور پادری صاحبان نے مزید کہا کہ مسلم و مسیحی قائدین پاکستان کے یوم آزادی کو شان شایان طریقے سے منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بنایا تھا اب پاکستان کو سنواریں گے۔ آئین پاکستان تمام مذاہب کے ماننے والوں کو برابری کے حقوق دیتا ہے۔ کسی ملک دشمن کو یہاں امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ آسمانی مذاہب اور مقدسات کی توہین عالمی مسئلہ ہے اور اس کے اوپر عالمی سطح پر پالیسی بنائی جانے چاہئے۔ کسی کو بھی آسمانی کتب اور مذہبی مقدسات کی توہین کی جرات نہ ہوسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پوپ فرانسس کے بھی شکر گذار ہیں کہ جنہوں نے قرآن کو جلانے پر فوری مذمتی بیان جاری کیا۔ اسی طرح پاکستان کی مسیحی برادری کے بھی شکر گذار ہیں کہ انہوں نے بھی سویڈن اور ڈنمارک میں ہونے والے واقعات پر مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ آرچ بشپ سبسٹین فرانسیس شاء کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کاگہوارہ ہے ہم اعادہ کرتے ہیں کہ یہاں مذہبی روادی کو قائم رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ 14اگست قریب ہے پاکستان کی مسیحی برادری یوم آزادی جوش وجذبے کے ساتھ منائے گئی۔