• news

منی پور، مزید 15مکان نذر آتش، ہجوم منتشر کرنے کیلئے پولیس کی شیلنگ

امپھال (این این آئی) بھارت کی شورش زدہ ریاست منی پور میں بھارتی فورسز کی مزید 10کمپنیوں کی تعیناتی کے باوجود ضلع امپھال میں مشتعل ہجوم نے مزید 15مکانات کو نذر آتش کر دیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے داغے۔ فائرنگ سے 45سالہ شخص زخمی ہو گیا جسے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ تازہ ترین تشدد کے پیش نظر علاقے میں بھارتی فورسز کی مزید 10کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں جن میں پانچ سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی، تین بارڈر سکیورٹی فورس کی اور ایک ایک انڈو تبتین بارڈر پولیس اورشاسترا سیما بل کی ہیں۔ منی پور پولیس نے3 اگست کو بشنو پور میں ایک اسلحہ خانے کی لوٹ مار کی تحقیقات کے لیے انسپکٹر جنرل رینک کے ایک افسر سے تحقیقات کا بھی حکم دیا ہے۔ نارن سینا میں انڈیا ریزرو بٹالین (IRB)کے ہیڈ کوارٹرز سے تقریبا 19ہزارگولیاں بھی لوٹی گئیں۔ ڈی جی پی راجیو سنگھ نے کہاکہ لوٹے گئے اسلحہ اور گولہ بارود کی بازیابی کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ اس طرح کی کارروائی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ نسلی جھڑپیں 3مئی کو اس وقت شروع ہوئیں جب شیڈول ٹرائب کا درجہ دینے کے ہندو میتی برادری کے مطالبے کے خلاف مسیحی کوکی قبیلے نے پہاڑی اضلاع میں احتجاجی مارچ کا اہتمام کیا۔ تشدد میں اب تک 160سے زیادہ جانیں جا چکی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن