مراکش: منی بس کھائی میں جاگری، ایک ہی قصبہ کے 24افراد ہلاک
رباط (نوائے وقت رپورٹ) مراکش میں منی بس کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 24 افراد ہلاک ہو گئے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی خبر کے مطابق شمالی افریقی ملک کے اب تک کے بدترین سڑک حادثات میں سے ایک حادثے میں بس میں سوار تمام ہی مسافر موت کے منہ میں چلے گئے۔ مقامی حکام نے بتایا کہ مسافر وسطی صوبے ایزلال کے قصبے ڈیمنیٹ میں ہفتہ وار بازار کے لیے پہاڑی راستے سے سفر کر رہے تھے کہ منی بس موڑ کاٹتے ہوئے الٹ گئی۔ نشریاتی ادارے 2 ایم پر نشر تصاویر میں گاڑی کو کھائی کی گہرائی میں تباہ دکھایا گیا۔ ڈیمنیٹ ہسپتال کے ڈائریکٹر یوسف مخلوفی نے 2 ایم کو بتایا کہ تمام مسافر مر چکے ہیں، انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں میں کم از کم 2 خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔ مقامی این جی او کے لیے کام کرنے والے شہری نے کہا کہ منی بس کے پاس لائسنس نہیں تھا اور یہ ایسا مسئلہ ہے جو خاص طور پر صوبہ ایزلال سمیت دیگر پہاڑی علاقوں کے رہائشیوں کو متاثر کرتا ہے۔ انہوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی قصبے سے تھا، انہوں نے کہا کہ مرنے والوں کی تدفین کے لیے اپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔