لاہور: کئی ڈاکے، مزاحمت پر دکاندار زخمی: کوٹ عبدالمالک: دوران ڈکیتی سبزی فروش قتل
لاہور؍ فیروز والہ (نامہ نگاران) شہر میں ڈاکوؤں اور چوروں نے چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلیں، گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کر کے دکاندار کو شدید زخمی کر دیا ہے۔کوٹ عبدالمالک کے قریب مزاحمت پر دکاندار قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے مانگا منڈی کے علاقے شامکے بھٹیاں میں موبائل شاپ پر ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے محمد نصیر کو شدید زخمی کر دیا اور لاکھوں روپے مالیت کی نقدی و موبائل فون لوٹ کر فرار ہو گئے ہیں۔ اقبال ٹاؤن کے علاقے میں مرتضی کے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 6لاکھ 10 ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، غازی آباد کے علاقے میں شہباز سے 4لاکھ 80 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون، مصطفی ٹاؤن میں جمیل اور اس کی فیملی سے 4 لاکھ 70 ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون، لوئر مال کے علاقے میں اطہر سے اسلحہ کے زور پر ایک لاکھ 75 ہزار روپے،گجر پورہ کے علاقے میں وقاص سے گن پوائنٹ پر 20 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون، یکی گیٹ کے علاقے میں امجد سے 2 لاکھ نقدی اور موبائل فون، فیصل ٹاؤن کے علاقے میں قیصر سے 18 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون، مزنگ کے علاقے میں اکرام سے60 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون، گلشن راوی کے علاقے میں افضل سے 85 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا اور فرار ہوگئے ہیں۔ چوروں نیغازی آباد، یکی گیٹ، نولکھا اور ہربنس پورہ کے علاقوں میں سے چار گاڑیاں جبکہ لٹن روڈ، شاہدرہ، سندر، گلشن اقبال، فیصل ٹاؤن کاہنہ، مصطفی آباد اور راوی روڈ کے علاقوں میں سے آٹھ موٹر سائیکلیں چوری کر لی ہیں۔ نظام پورہ کا رہائشی محمد عباس 45 سالہ سبزی منڈی میں سبزی لینے کے لیے دکان سے رکشہ نکالنے لگا تو اس دوران ڈاکو دکان میں گھس آئے جنہوں نے اسے لوٹنے کی کوشش کی جس پر محمد عباس نے مزاحمت کی تو ڈاکوئوں نے فائرنگ کر دی۔ اہل علاقہ نے قتل اور ڈکیتی کی واردات پر احتجاج کیا۔ پولیس نے جائے واردات سے شواہد اکٹھے کر لئے۔ پولیس نے مقتول کے بیٹے محمد نسیم کی رپورٹ پر نامعلوم افراد کے خلاف قتل کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا۔ لاہور روڈ پر خان پور نہرکے قریب مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے موٹر سائیکل سوار نوجوان فاروق ملک کو شدید زخمی کر دیا جس نے زخمی ہونے کے باوجود ڈاکوؤں کا تعاقب کیا اور ان پر فائر بھی کیے مگر ڈاکو فرار لاہور روڈ پر ہاؤسنگ کالونی کے قریب آکر گلیوں میں روپوش ہوگئے اور نوجوان بھی بے ہوش ہوکر گر پڑا جو شادی پورہ لاہور کینٹ کا رہائشی بتایا گیا ہے۔ اسے سول ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ نین سکھ کے بازار میں 3 موٹرسائیکل سوار ڈاکو حسنین علی وغیرہ متعدد افراد کو لوٹ کر فرار ہو گئے۔ لاہور روڈ پر خان پور کے قریب 2 ڈاکو شہری رانا عاطف اور ساتھیوں سے لاکھوں روپے مالیت کے زیورات، 25 ہزار روپے کیش اور قیمتی موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔ آبادی مرزا ورکاں روڈ پر 3 ڈاکو زمیندار احمد علی سے اس کی موٹر سائیکل موبائل فون اور 2 ہزار روپے کیش چھین کر لے گئے۔ ننگل ساہداں میں ڈاکوؤں کا 3 رکنی گروہ زمیندار محمد اسلم اور اس کی فیملی سے 12 تولے زیورات 3 قیمتی موبائل فون اور ایک لاکھ روپے کیش لوٹ کر فرار ہوگئے۔ موٹر وے پل پر ڈکیتی کی واردات بیوپاریوں ایوب بوہڑ باٹھ، ذکاء اللہ کلسیاں کے رہائشیوں سے دو موٹر سائیکلوں پر سوار 5 مسلح ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر 10لاکھ 60ہزار روپے، موبائل فون چھین کرفرار ہوگئے۔ ہائوسنگ کالونی کے قریب موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں نے حبیب اللہ نامی نوجوان کی جیب خالی ہونے پر مشتعل ہوکر سر میں پسٹل کا دستہ مار کر لہولہان کر دیا جس کو ڈی ایچ کیو ہسپتال شیخوپورہ میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے اسلحہ کی نوک پر رکشہ سوار بیوپاری سے 5لاکھ روپے نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔