• news

پنجاب میں پانی کی سطح مسلسل بلند: الرٹ جاری‘ مزید بارشوں کا امکان

لاہور‘ اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کا الرٹ جاری کردیا۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ تربیلا کے مقام سے 2 لاکھ 44 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے۔ چشمہ ہیڈ میں پانی کی آمد 2 لاکھ 71 ہزار324 اور اخراج 2 لاکھ 56 ہزار 124 کیوسک ہے۔ دریائے جہلم میں بھی منگلا کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے بتایا کہ دریائے ستلج میں اسلام ہیڈ پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ اسلام کے مقام سے 62 ہزار 751 کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے۔ دریائے راوی میں پانی کا بہائو نارمل ہے۔ دریائے چناب میں مرالہ‘ خانکی اور تریموں کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی کا کہنا ہے کہ شہری بارشوں کے دوران کچی دیواروں اور چھتوں سے دور رہیں۔ بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے فاصلہ رکھیں۔ عوام دریائوں کے اطراف غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کشمیر، خطہ پوٹھوہار، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مر طوب رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا ہے تاہم بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد، بالائی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بعض مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن