پاکستان میںشرح سود دیگر ممالک کے مقابلے انتہائی زیادہ :حسن علی قادری
لاہور( کامرس رپورٹر) چیئرمین پروفیشنل ریسرچ فورم سید حسن علی قادری نے کہاہے کہ پاکستان میں اس وقت خطے سمیت دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں شرح سود انتہائی زیادہ ہے جس کی وجہ سے مقامی سرمایہ کاری کے حجم میں کمی ہو رہی ہے ، خالصتا کاروبار کیلئے سرمایہ کاری کی غرض سے لئے جانے والے قرض پر شرح سود کو صفر پر یا سنگل ڈیجٹ میں لایا جائے۔اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ جب سرمایہ کاروں کو کسی رسک کے بغیر بینکوں سے بڑا منافع ملے گا تو وہ کسی کاروبار میں کیوں سرمایہ کاری کر کے رسک لیں گے۔ حالیہ سالوںمیں لوگوں نے مقامی کاروبار وں میں سرمایہ کاری سے ہاتھ کھینچ لیا ہے جس کے انتہائی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہاں آنے والے ہر حکومت کی جانب سے ٹیکسیشن کے نظام میں اصلاحات کے نعرے لگائے جاتے ہیں لیکن عملی پیشرفت نہیں ہوتی ،حکومتوں کے اپنے ہی لوگ اصلاحات کے مخالف ہوتے ہیں ۔