پاکستان فرنیچر کونسل 3 روزہ دبئی انٹرنیشنل ایکسپو میں شرکت کرے گی
لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) 30 اکتوبر سے شروع ہونے والی 3 روزہ دبئی انٹرنیشنل ایکسپو میں شرکت کرے گی جس سے کاروباری مواقع کی تلاش اور پاکستانی مصنوعات کے لیے نئی منڈیوں تک رسائی میں مدد ملے گی۔ پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے سوموار کو یہاں مارول کیبلز کے سی ای او چوہدری ذیشان الٰہی آرائیں کی قیادت میں صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چن ون کے ساتھ پی ایف سی بھی اس میگا ایونٹ میں شرکت کرے گی۔ اس سے پاکستانی مصنوعات کی نمائش اور بین الاقوامی خریداروں کے ساتھ کاروباری معاہدے کرنے کا بہترین موقع میسر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف سی اور چن ون قبل ازیں بھی امریکہ، چین، اٹلی، سری لنکا اور دیگر ممالک میںمتعدد بین الاقوامی تجارتی میلوں میں شرکت کر کے اپنی مصنوعات متعارف کرا چکے ہیں جن کی اب بہت زیادہ مانگ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس نمائش میں بھی غیر ملکی خریداروں سے آرڈرز ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے بزنس ٹائیکونز کے ساتھ ملاقاتیں بھی کریں گے تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے حکومت کے بے مثال خصوصی پیکج سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔