آسٹریلیا نے ورلڈکپ، دورہ جنوبی افریقہ، بھارت کیلئے سکواڈز کا اعلان کردیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)کرکٹ آسٹریلیا نے ورلڈ کپ، دورہ جنوبی افریقہ اور بھارت کے لیے اسکواڈز کا اعلان کر دیا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ کیلئے آسٹریلیا کی جانب سے 18 رکنی ابتدائی سکواڈ کا اعلان کیا گیا ۔آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ میں 3 ٹی ٹوئنٹی اور 5 ون ڈے جبکہ بھارت میں 3 ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلنی ہے۔کپتان پیٹ کمنز، میچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ، کیمرون گرین اور ڈیوڈ وارنر ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں، یہ تمام کھلاڑی ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم کو جوائن کریں گے۔میچل مارش کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔گلین میکسویل جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز میں فیملی کمٹمنٹ کی وجہ سے دستیاب نہیں، وہ بھارت میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔پیٹ کمنز کی کلائی ایشیز سیریز کے آخری ٹیسٹ کے پہلے روز زخمی ہو گئی تھی، وہ 6 ہفتے کا ری ہیب مکمل کر رہے ہیں۔ون ڈے سکواڈ کی قیادت پیٹ کمنز کریں گے، ڈیوڈ وارنر اسکواڈ میں شامل جبکہ مارنوس لابوشین جگہ نہ بنا سکے۔