نوجوانوں کی بہتری ، اچھے مستقبل کیلئے فیصلے کرنا لازم : مریم نواز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیر صدارت مسلم یوتھ فیڈریشن کی تنظیم نو کے حوالے سے اجلاس میں مریم نواز نے عہدیداروں کے 5 گھنٹے تک تفصیلی انٹرویو کیے۔ مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نوجوانوں کے ہاتھ میں قلم، لیپ ٹاپ اور ڈگریاں دینے کی متمنی ہے، بندوق، گالی اور بد تمیزی (ن) لیگ کا کلچر نہیں ہے، جو طلبہ زیر تعلیم ہیں ان کو زیادہ سے زیادہ پارٹی کے ساتھ منسلک کریں۔ طلبہ کو پارٹی میں نمایاں جگہ دی جائے، پاکستان کی 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، سب سے بڑی پارٹی ہونے کے ناطے مسلم لیگ (ن) پر لازم ہے کہ وہ نوجوانوں کی بہتری اور اچھے مستقبل کیلئے فیصلے کرے۔ پاکستان کی سیاست میں نوجوانوں کا رول بہت اہم ہے، مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے، نواز شریف کی قیادت میں سب سے پہلے طلبہ کو لیپ ٹاپ اور نوجوانوں کو باعزت روزگار کیلئے اربوں روپے کے قرضے دیئے گئے۔